ماؤنٹ ایورسٹ، چین اور نیپال کی جانب سے دوبارہ پیمائش

September 18, 2020

کراچی (جنگ نیوز) سلسلہ ہمالیہ میں واقع دنیا کی بلند ترین چوٹی مائونٹ ایورسٹ کی نیپال اور چین مل کر دوبارہ پیمائش کریں گے ۔اس وقت مائونٹ ایورسٹ کی تسلیم شدہ بلندی 8848 میٹرز ہے ۔1956 میں سروے آف انڈیا کی جانب سے کی گئی اس پیمائش کو تسلیم کیا جا تا ہے ، تاہم 2015 میں نیپال میں آنے والے زلزلے اور ٹیکٹونک پلیٹوں کے حرکت کرنے سے ماہرین ارضیات کے مطابق تبدیلیاں واقع ہوئی ہیں۔ نیپالی ٹائمز کے مطابق چین اور نیپال کی جانب سے گزشتہ ایک سال سے مائونٹ ایورسٹ کی پیمائش کا سلسلہ جاری ہے اور توقع ہے کہ جلد نئی پیمائش کے تحت چوٹی کی قطعی بلندی کا اعلان کردیا جائے گا۔ مائونٹ ایورسٹ چین اور نیپال کے درمیان واقع اور دونوں ممالک کی سرحدوں کا بھی تعین کرتی ہے۔دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی پاکستان میں واقع قراقرم (کے ٹو ) کی بلندی 8611 میٹرز یعنی مائونٹ ایورسٹ سے 200 میٹرز کم ہے ۔ مائونٹ ایورسٹ کو مقامی زبان میں ساگر ماتا بھی کہا جا تا ہے۔