بلجیم میں کورونا مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ جاری

September 18, 2020

برسلز( نمائندہ جنگ ) بلجیم میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ فیڈرل ہیلتھ منسٹری کے ادارے سائنسانو کے مطابق اس وقت روزانہ سامنے آنے والے نئے مریضوں کی تعداد 780 کے قریب ہو چکی ہے ۔ ادارے کے مطابق گذشتہ ہفتوں کے مقابلے میں یہ اضافہ 52فیصد سے زائد بنتا ہے۔ فیڈرل ہیلتھ منسٹری کے مطابق اس وقت 30 ہزار ٹیسٹ روزانہ کئے جارہے ہیں ۔ دو دن مسلسل 1000 نئے کورونا پازیٹو کیسز سامنے آئے ۔ اسی طرح اس مرض سے متاثر ہوکر ہسپتال جانے والے مریضوں کی تعداد بھی گذشتہ ہفتے کے 21 داخلے روزانہ کے مقابلے میں بڑھ کر 33 افراد روزانہ ہو چکی ہے۔ اس طرح بلجیم میں کورونا وائرس کے پازیٹو کنفرم کیسسز کی مجموعی تعداد 94795 ہو چکی ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد ابتک 9930 رہی ہے ۔ دوسری جانب تعلیمی ادارے کھلنے کے بعد وہاں سے بھی اساتذہ اور طالبعلموں کے متاثر ہونے کی خبریں آرہی ہیں ۔ اس ساری صورتحال پر بلجین وزیراعظم صوفی ولیمز نے کہا ہے کہ اس مرض کی روک تھام کا ایک ہی حل ہے اور وہ حل ہم خود اور ہماری احتیاط ہے۔ جبکہ وزیر صحت ماگی دی بلاک کا کہنا ہے کہ اس وائرس کی روک تھام کے موجودہ اقدامات میں کوئی تبدیلی نہیں کی جا رہی ۔ جس میں ماسک کا پہننا ایک لازمی عمل ہے۔