حق وسچ کی فتح، میر شکیل الر حمٰن باعزت بری ہونگے،مقررین

September 18, 2020

کراچی / لاہور ر/ اولپنڈی (نمائندگان جنگ) ایڈیٹر انچیف جنگ وجیو گروپ میر شکیل الر حمٰن کی گرفتاری کیخلاف گزشتہ روز بھی کراچی ، لاہور اور روالپنڈی سمیت کئی چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا ، اس موقع پر صحافتی تنظیموں ، سیاسی رہنمائوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ، مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حق و سچ کی فتح ہوگی ، میر شکیل الر حمٰن باعزت بری ہوں گے ، میر شکیل الر حمٰن کو آزادی صحافت کا علم بلند کرنے پر پابند سلاسل کیا گیا ہے،میڈیا کی آزادی،جمہوریت اور اداروں کی مضبوطی کا بیانیہ پوری قوم کا بیانیہ ہے، میرشکیل الرحمٰن کی بغیرجواز گرفتاری آزادی صحافت پر حملہ ہے، انہیں فوری رہا کیا جائے، دوسری جانب کراچی میں آل سٹی تاجر اتحاد کے وائس چیئرمین شاکر فینسی نے صحافی تنظیموں، جنگ جیو ایکشن کمیٹی کے زیراہتمام میرشکیل الر حمٰن رہائی احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنگ اور جیو نے ہمیشہ حق اور سچ کی آواز بلند کی ہے، جرم سے پہلے ہی میرشکیل الر حمٰن کو آپ نے مجرم کیسے بنا دیا؟ ناانصافی، ناجائز ہتھکنڈوں سے اس ملک کے شہریوں کو پریشان کرنے کے تمام حربوں کی مخالفت کریں گے اور حق اور سچ کا ساتھ دیں گے، کراچی کے تمام تاجر اپنے تاجر بھائی میرشکیل الر حمٰن کے ساتھ کھڑے ہیں، ظلم اور زیادتی برداشت نہیں کریں گے اور حکومت کے ہر غلط اقدام کی مذمت کریں گے۔ کیمپ سے ایپنک کے سیکرٹری جنرل شکیل یامین کانگا، آل سومرا برادری کے چیئرمین اور ٹمبر مارکیٹ کے عہدیدار الطاف سومرو، مسلم لیگ ن سندھ کے نائب صدر اقبال خاکسار اور ایپنک کراچی کے وائس چیئرمین رانا محمد یوسف نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر نائب صدر رنچھوڑ لائن کلاتھ مارکیٹ محمد شاہد، اسلم آرائیں، رشید سومرو، طارق ارشاد، شہزاد آرائیں، ظفر آرائیں، اکرم نقشبندی اور دیگر بھی موجود تھے۔ شکیل یامین کانگا نے کہا کہ اس ملک میں کروڑوں نوکریاں دینے والوں نے اپنے اقتدار کے دو سالوں کے دوران لاکھوں لوگوں کو روزگار سے محروم کردیا ہے۔ میرشکیل الر حمٰن حق اور سچ کا علمبردار ہے۔ الطاف سومرو نے کہا کہ ہم تاجر لوگ ہیں اور حق اور سچ کی آواز اٹھا رہے ہیں ہم نہیں چاہتے کہ کراچی میں میرشکیل الر حمٰن کی رہائی کا احتجاج اس قدر بڑھے کہ یہاں کا سارا نظام درہم برہم ہوجائے، ہمارا مطالبہ ہے کہ میرشکیل الر حمٰن کو فوری رہا کیا جائے۔ اقبال خاکسار نے کہا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ نے ملک کے تمام بے گناہ لوگوں کیلئے جینا دوبھر کیا ہوا ہے۔ رانا یوسف نے کہا کہ ہم نے اس سے قبل مالکان کے خلاف اپنے حقوق کیلئے جدوجہد کی ہے اور ان سے اپنے حقوق لئے ہیں۔