انسانی خدمت،وفاقی نظامت تعلیمات اور ہلالِ احمر میں ایم او یو پردستخط

September 18, 2020

اسلام آباد (وقائع نگار) وفاقی نظامت تعلیمات اور ہلالِ احمر کے مابین طلبہ و طالبات کی صلاحیتوں کو نکھارنے، استعداد کار بڑھانے، ابتدائی طبّی امداد کےطریقے سیکھنے،انسانی خدمت کے اقدامات میں حصہ ڈالنے کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیئےگئے۔وفاقی نظامت تعلیمات میں منعقد ہ تقریب میں وفاقی وزیر تعلیم پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود، ہلالِ احمر کے چیئرمین ابرار الحق بھی موجود تھے۔مفاہمتی یادداشت پر ڈی جی وفاقی نظامت تعلیمات ضیاءبتول اور سیکرٹری جنرل ہلالِ احمرخالد بن مجید نےدستخط کیے۔ شفقت محمود نے ہلالِ احمر کی ریڈکریسنٹ کور کووقت کی ضرورت قرار دیا۔ وفاقی نظامت تعلیمات سےالحاق کردہ تمام تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات کو فرسٹ ایڈ ٹریننگ دی جائے گی۔ شفقت محمود کا کہنا تھا کہ کورونا وباءکی باعث پوری دنیا میں تبدیلی رونما ہوئی ہے۔ تعلیمی اداروں سے متعلق ہمارے رویوں اور ذمہ داریوں میں بھی تبدیلی آئی ہے۔ ہمیں اب اِس صورتحال میں اپنا بہتر اور مثبت کردار ادا کرنا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں تربیت یافتہ طلباءاپنی قوم کی بہتر خدمت کرسکیں گے۔ اِس موقع پر ابرار الحق نے کہا ”ریڈکریسنٹ کور“ کی چھتری تلے تربیت یافتہ طلبہ و طالبات کسی بھی ناگہانی صورتحال میں متاثرہ افراد کو ہر ممکن مدد کرسکیں گے۔ خالد بن مجید نے کہا رجسٹرڈ فیکلٹیز اور طلبہ و طالبات کو فرسٹ ایڈ کی تربیت دی جائے گی۔دونوں ادارے خون کے عطیات جمع کرنے،صفائی اور صحت عامہ کی مہم، شجرکاری، شعوروآگاہی کے سیشن، ماحولیاتی بچائو کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔