صفائی کے ناقص انتظامات پر کمشنر کا عدم اطمینان

September 18, 2020

لاہور(خصوصی رپورٹر)کمشنر لاہورڈویژن ذوالفقار گھمن نے صفائی کے ناقص انتظامات پرایل ڈبلیو ایم سی کی کارکردگی پر اظہار عدم اطمینان کرتے ہوئے صفائی کے حوالے سے سخت ہدایات جاری کر دیں۔ کمشنر لاہورنے کہا کہ کمپنی کے تمام افسران صفائی کو یقینی بنانے کیلئے فیلڈ کو خود چیک کریں۔ اور تمام ہاٹ سپاٹس کو کلیئر کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور شہر کو صفائی کے لحاظ سے ماڈل شہر ہونا چاہئے ۔ کمشنر لاہور نے صفائی پر لاہور سمیت پوری ڈویژن کی روزانہ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔مزید برآںلاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نےشمالی لاہور میں خصوصی صفائی آپریشن کیا اور غیر قانونی طور پر کچرا پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کی گئی ۔ شمالی لاہور میں جاری خصوصی صفائی آپریشن کے دوران چائنہ سکیم کے علاقے میں کارروائی کی گئی۔ ادارے کے انفورسمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کاروائی کے نتیجے میں متعلقہ لوگوں کے چالان بھی کیے گئے ۔ سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ اہلیان لاہور کوصاف اور تعفن سے پاک ماحول فراہم کرنا ادارے کی اولین ترجیح ہے۔ ادارہ ہر صورت شہریوں کو صفائی کی بہترین سہولیات فراہم کرنے میں سر گرم عمل ہے اور شہر سے تمام کوڑا اٹھانے تک صفائی آپریشن جاری رہے گا۔مزید ترجمان ایل ڈبلیو ایم سی کاکہنا تھا کہ زون 1 میں البیراک کی 30فیصد مشینری کی خرابی کے باعث کنٹینرز سے کوڑا کرکٹ اٹھانے میں تعطل آ رہا ہے ۔