دوآن الپ کے اسلام آباد میں سیر سپاٹے

September 18, 2020

پاکستان کے دورے پر آئے اسلامی فتوحات پر مبنی تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ میں دوآن الپ (روشان) کا کردار ادا کرنے والے جاوید جیتن گُنیر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سیر سپاٹوں میں مصروف ہیں۔

تُرک اداکار نے اسلام آباد میں مداحوں کے ساتھ لطف اندوز ہوتے تصاویر جاری کیں۔

اداکار اسلام آباد کے مختلف سیاحتی مقامات پر لطف اندوز ہوتے دکھائی دے رہے ہیں اور ان کے مداح انہیں پھول اور تحائف بھی دے رہے ہیں۔


اپنی حالیہ انسٹاگرام پوسٹ میں اداکار نے آلہ موسیقی کے ساتھ ایک دلکش تصویر شیئر کی اور ساتھ کیپشن میں لکھا کہ ’اگر آپ رقص کرنا چاہتے ہیں تو میں میوزک ترتیب دینے کے لیے بیتاب ہوں۔‘

دوسری جانب پاکستان کی مشہور و معروف شخصیات بھی ترک اداکار کا پاکستان میں خیر مقدم کررہی ہیں، اداکار فیروز خان، ماڈل و اداکارہ سنیتا مارشل، عدنان صدیقی اور آغا علی نے اپنے پیغامات میں ترک اداکار کو پاکستان میں خوش آمدید کہا۔

اداکار آغاز علی نے لکھا کہ ’پاکستان آپ کو ویلکم کہتا ہے، امید ہے آپ یہاں بہت سی بہترین یادیں اکھٹی کریں گے۔‘

خیال رہے کہ ترک اداکار نے فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے مداحوں کو پاکستان آمد سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے استنبول سے اسلام آباد روانگی کے بورڈنگ پاس کی تصویر شیئر کی تھی۔

اسلام آباد آمد کے بعد اداکار نے اسلام آباد کی ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں 2 لوک موسیقار طبلے اور ستار پر دلفریب دھنیں بکھیر رہے تھے۔ اداکار نے ویڈیو میں ’صبح بغیر‘ کے کیپشن کے ساتھ اسلام آباد کی لوکیشن بھی شیئر کی تھی۔

تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ کے کسی کردار نے پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ جاوید جیتن گُنیر نے ’ارطغرل غازی‘ میں ارطغرل کے قریبی دوست اور بہادر سپاہی دوآن الپ (روشان) کا کردار ادا کیا تھا۔