چکی کے آٹے کی قیمت میں ہفتے میں دوسری بار اضافہ

September 18, 2020


لاہور میں چکی کے آٹے کی قیمت میں ہفتے میں دوسری بار اضافہ ہوگیا، 2 روپے فی کلو اضافے سے آٹے کی نئی قیمت 76 روپے کلو ہو گئی، قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے کہا ہے کہ گندم درآمد کر رہے ہیں، 10 سے 15 دنوں میں آٹے کی قیمت کم ہوجائے گی۔

ضلعی انتظامیہ گندم اور آٹے کے نرخوں کو روکنے میں کامیاب نہیں ہو سکی، صارفین کا کہنا ہے حکومت نے 20 کلوآٹےکے تھیلے کی قیمت 860 روپے مقرر کی تھی لیکن وہ بھی نہیں مل رہا ۔

دوسری جانب چکی آٹے کی قیمت میں ہفتے میں دوسری بار اضافے نے عوام کو پریشان کر کے رکھ دیا ہے ،صارفین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے انتظامیہ نے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

آٹا چکی اونر ز ایسوسی ایشن کے ترجمان عبدالرحمان نے بتایا کہ پہلے چکی آٹے کی قیمت 72 سے 74 روپے تھی اور آج قیمت 76 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ گندم کی قیمت فی من 2400 روپے تک چلی گئی ہے لہذا آٹے کی قیمت میں اضافہ کرنا پڑا سرکاری کوٹہ گندم 5 بوری سے کم کر کے 3 بوری کر دی ہے جبکہ درآمدی گندم بھی پنجاب کو نہیں مل رہی ہے۔