ایسا لگ رہا ہے اسکولوں کو بند کرنا پڑے گا، سعید غنی

September 18, 2020


سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا ہے کہ بچوں کی صحت پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے، ایسا لگ رہا ہے اسکولوں کو بند کرانا پڑے گا۔

سعید غنی نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ اب بھی اسکولز میں ایس اوپیز پرعمل نہیں ہو رہا،کل بھی اورنگی ٹاؤن میں 4 اسکولز سیل کئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اسکولوں اور کالجز میں 13 ہزار طلبا کے کورونا ٹیسٹ کرائے گئے ہیں ،88طلبا میں کورونا مثبت آیا ہے، اگر محسوس ہوا کہ چیزیں درست سمت میں نہیں جارہیں تو اسکول بند کرنےمیں دیر نہیں کریں گے۔

صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ آج بھی اسکولوں کا دورہ کیا تو بچوں نےماسک بھی نہیں پہنے تھے،سرکاری اسکولوں میں بھی ایس او پیزکی خلاف ورزیاں ہورہی ہیں،جبکہ کالجز میں ایس او پیز کی خلاف ورزیاں زیادہ نظر آئی ہیں۔

سعید غنی کاکہنا تھا کہ این سی او سی اور وزیراعلیٰ سے موجودہ صورتحال پر بات کروں گا۔

اس سے قبل وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے آج صبح نیوکراچی میں اسکولز کا دورہ کیا ، متعدد اسکولوں میں بارش کا پانی کھڑا ہوا تھا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ علاقہ نشیبی ہے اور پانی کی نکاسی کے لیے نالے پر تجاوزات ہیں،نالا اوورفلو ہونے کے باعث علاقے کا سیوریج کا نظام تباہ ہوگیا ہے، واٹربورڈ کا عملہ کام کررہا ہے۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ نالے پر تجاوزات کے باعث صورتحال انتہائی خراب ہے، تجاوزات کے خاتمے اور سیوریج کے نظام کو فعال کرنے کیلئے اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں یہاں تجاوزات قائم کروا کرپورے نالے کو بند کر دیا گیا۔