مصطفیٰ قریشی کی شادی کی گولڈن جوبلی

September 18, 2020

پاکستان فلم انڈسٹری کے سینئر فلم اسٹار مصطفیٰ قریشی اور اِن کی گلوکارہ اہلیہ روبینہ قریشی 19ستمبر یعنی کل اپنی شادی کی 50ویں سالگرہ منائیں گے، مصطفیٰ قریشی اور روبینہ قریشی کو پاکستان کی فلم انڈسٹری کا مثالی جوڑا قرار دیاجاتا ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اداکار مصطفی قریشی نے کہا کہ میں خود کو خوش نصیب سمجھتا ہوں جو مجھے روبینہ جیسی شریک حیات ملی ہے جس نے زندگی کے ہر موڑ پر میرا ساتھ دیا ہے۔

روبینہ بہت اچھی بیوی ہونے کے ساتھ ذمہ دار ماں بھی ہے جس نے بچوں کی بہت عمدہ تربیت کی ہے۔

انہو ں نے مزید کہا کہ نئے نویلے دلہا دلہن جوڑوں جن کی حال ہی میں شادی ہوئی ہے یا ہونے والی ہے میں ان کے لیے بھی دعا گوہوں کہ اللّٰہ تعالیٰ انہیں بھی اپنی شادی کی گولڈن جوبلی منانے کی توفیق عطا فرمائے، والدین کا فرمانبردار بنائے اور وہ خوشگوار ازواجی زندگی گزاریں۔

علاوہ ازیں ممتاز فلم اسٹار ندیم، جاوید شیخ، غلام محی الدین، ریما خان اور دیگر ساتھی فن کاروں نے شادی کی گولڈن جوبلی مکمل کرنے پر مصطفیٰ قریشی کو مبارکبادیں پیش کیں۔