سائرہ پیٹر کا پاکستانی خواتین کیلئے میوزیکل ٹریبیوٹ

September 18, 2020

پاکستانی نژاد برطانوی صوفی اوپیرا سنگر سائرہ پیٹر نے موٹر وے سمیت دیگر واقعات سے متاثرہ خواتین اور بچیوں کے لیے لندن سے آن لائن لائیو میوزیکل ٹریبیوٹ پیش کیا۔

انہوں نے عالمی شہرت یافتہ شاعر فیض احمد فیض کی شہرہ آفاق نظم۔

ہم دیکھیں گے

لازم ہے کہ ہم بھی دیکھیں گے

وہ دن کہ جس کا وعدہ ہے

جو لوح ازل میں لکھا ہے

جب ظلم و ستم کے کوہ گراں

روئی کی طرح اُڑ جائیں گے

ہم محکوموں کے پاؤں تلے

جب دھرتی دھڑ دھڑ دھڑکے گی

اور اہل حکم کے سر اوپر

جب بجلی کڑ کڑ کڑکے گی

جب ارض خدا کے کعبے سے

سب بت اٹھوائے جائیں گے

ہم اہل صفا مردود حرم

مسند پہ بٹھائے جائیں گے

سب تاج اچھالے جائیں گے

سب تخت گرائے جائیں گے

بس نام رہے گا اللّٰہ کا

جو غائب بھی ہے حاضر بھی

جو منظر بھی ہے ناظر بھی

اٹھے گا انا الحق کا نعرہ

جو میں بھی ہوں اور تم بھی ہو

اور راج کرے گی خلق خدا

جو میں بھی ہوں اور تم بھی ہو....

سائرہ پیٹر نے اپنی مدھر آواز میں پیش کی تو دنیا بھر سے پزیرائی کے پیغامات موصول ہونے شروع ہوگئے۔

انہوں نے اور بھی کئی شُعراء کا مزاحمتی کلام پیش کیا۔

اس موقع پر اوپیرا اسٹار سائرہ پیٹر کا کہنا تھا کہ پچھلے چند دنوں میں پاکستانی خواتین کے ساتھ دل خراش واقعات پیش آئے۔

ان واقعات نے سب کو اداس اور رنجیدہ کردیا ہے، ہمارے معاشرے میں انصاف کو عام کرنے اشد ضرورت ہے، میں نے تاریخ کے شعبے میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی ہے، اس طرح کے واقعات سے پاکستانی خواتین کمزور نہیں ہوں گی۔

پاکستانی خواتین بہت بہادر ہیں اور ان کے ساتھ پوری پاکستانی قوم کھڑی ہے، مجھے امید ہے کہ ان خواتین کو انصاف ملے گا، ہم فن کار لوگ ساری زندگی امن محبت اور بھائی چارے کا پیغام دنیا بھر میں عام کرتے ہیں۔

سائرہ پیٹر نے مزید کہا کہ جب سے گانا شروع کیا ہے صوفیانہ اور عارفانہ کلام کو انگریزی میں ترجمہ کرکے دنیا کے مختلف ممالک میں عام کیا ہے، میری آواز ہی میری پہچان ہے۔