سشانت کا مومی مجسمہ، مداحوں کا مادم تساؤ میں رکھنے کا مطالبہ

September 18, 2020

ایک طرف سشانت سنگھ راجپوت کی مبینہ خودکشی کی تحقیقات جاری ہیں، جس میں کئی بڑے نام ہٹ لسٹ پر ہیں، وہی آنجہانی اداکار سے محبت کرنے والے بھی سامنے آرہے ہیں۔

مغربی بنگال میں آسانسول سے تعلق رکھنے والے فنکار نے سشانت سنگھ کا مومی مجسمہ تیار کیا ہے تاکہ اسٹار اداکار کو خراج تحسین پیش کرسکے۔

سکانتو رائے نامی اس فنکار نے سشانت سنگھ راجپوٹ کی ایک تصویر کو مومی مجسمے کی صورت دے کر لافانی بنادیا ہے۔

مغربی بنگال کے اس مجسمہ ساز نے مومی مجسمے کے حوالے سے کہا کہ میں اسے (سشانت راجپوت) کو بہت پسند کرتا تھا، بدقسمتی سے وہ یہ دنیا چھوڑ گیا، لیکن وہ میری یاد میں ہے، سشانت کا یہ مجسمہ میں نے اپنے میوزیم کے لیے بنایا ہے۔

سکانتو رائے نے مزید کہا کہ اگر سشانت کے اہل خانہ میں سے کسی نے ان سے مجسمے کی درخواست کی تو وہ ایک نیا اور بنادیں گے۔

سشانت سنگھ راجپوت کے مجسمے کی تصاویر سامنے آنے پر زیادہ تر مداحوں نے اس کی تعریف کی اور کہا کہ مصور نے محض ایک تصویر سے مجسمہ بناکر اسے حوالہ بنا ڈالا ہے، وہی کچھ نے کہا کہ سکانتو اگر تھوڑی جلدی نہ کرتے تو وہ اسے (مجسمے) کو اور بھی بہتر بناسکتے تھے۔

سکانتو رائے جو اس سے قبل بالی ووڈ اسٹار امیتابھ بچن، ویرات کوہلی سمیت دیگر بڑی سیاسی و سماجی شخصیات کے مومی مجسمے بناچکے ہیں، نے سوشانت کو مجسمے میں سفید ٹی شرٹ، بلیک پینٹ اور ڈینم جیکٹ میں ملبوس دکھایا ہے۔

یہ بھی اطلاعات ہیں کہ سوشانت سنگھ کے مداحوں نے آن لائن درخواست پر دستخط کیے ہیں، جس میں اسٹار اداکار کا مومی مجسمہ لندن کے مشہور مادم تساؤ میوزیم میں رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔

14جون 2020ء کو مبینہ طور پر خودکشی کرنے والے سوشانت سنگھ آخری بار فلم ’دل بیچارا‘ میں جلو گر ہوئے، جو او ٹی ٹی کے پلیٹ فارم سے ریلیز ہوئی۔

ان کی خودکشی سے متعلق مقدمے کی تفتیش سی بی آئی کررہی ہے، جس میں سشانت سے تعلق رکھنے والی ریا چکروتی کو منشیات کیس میں گرفتار کیا ہے۔