نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کیلئے چھ ٹیموں کی کوویڈ19 ٹیسٹنگ مکمل

September 18, 2020

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں شرکت کرنے والی چھ ٹیموں کی کوویڈ19 ٹیسٹنگ مکمل ہو گئی، انگلینڈ کا دورہ کرنے والے کھلاڑیوں کے ٹیسٹ 22 ستمبر کو ہونگے، نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ 30 ستمبر سے ملتان میں شروع ہوگا۔

نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں چھ صوبائی ایسوسی ایشنز کی ٹیموں کے کوویڈ19 ٹیسٹنگ کا عمل مکمل ہوگیا، سینٹرل پنجاب، خیبر پختونخوا، ناردرن اور سدرن پنجاب ملتان میں موجود ہیں جبکہ سندھ اور بلوچستان کی ٹیمیں کل ملتان پہنچ جائیں گی، جن کھلاڑیوں کے ٹیسٹ منفی آئیں گے صرف وہ ہی ملتان پہنچیں گے، ٹیمیں ٹریننگ کا آغاز اتوار سے دو وینیوز پر کریں گی۔

دوسری جانب دورہ انگلینڈ سے واپس آنے والے کھلاڑیوں کے ٹیسٹ 22 ستمبر کو ہو ں گے، وہ 25 ستمبر کو اپنی اپنی ٹیموں کو جوائن کرسکیں گے۔

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ 30 ستمبر سے ملتان میں شروع ہو گا۔