سشانت سنگھ کا مومی مجسمہ مغربی بنگال کے میوزیم میں نمائش کیلئے رکھ دیا گیا

September 19, 2020

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)رواں برس 14 جون کو بظاہر ڈپریشن کے باعث خودکشی کرنے والے بولی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کا موم سے بنایا گیا مجسمہ ان کی موت کے تین ماہ بعد میوزیم میں سجا دیا گیا۔انڈیا ٹوڈے کے مطابق سشانت سنگھ راجپوت کا دراز قد بنایا گیا مومی مجسمہ بھارتی ریاست مغربی بنگال کے میوزیم میں سجایا گیا۔سشانت سنگھ راجپوت کا مجسمہ مغربی بنگال کے شہر آسنسول میں موجود مقامی میوزیم میں سجایا گیا، جہاں پہلے ہی بولی وڈ اسٹارز، کھلاڑیوں، سیاستدانوں اور معروف شخصیات کے مجسمے موجود ہیں۔سشانت سنگھ راجپوت کا مجسمہ بھارتی مجسمہ ساز سسانتا رے نے بنایا، جو اس سے قبل امیتابھ بچن، ویرات کوہلی اور شاہ رخ خان جیسی شخصیات کے مجسمے تیار کرکے مذکورہ میوزیم میں سجا چکے ہیں۔سشانت سنگھ راجپوت کے مومی مجسمے کو میوزیم میں رکھے جانے کے بعد ہزاروں مداحوں نے میوزیم کا رخ کیا، جب کہ مجسمہ ساز نے اداکار کے مجسمے کو نصب کرنے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی۔سشانت سنگھ راجپوت کا مومی مجسمہ بھارت کے مقامی میوزیم میں ایک ایسے وقت میں سجایا گیا ہے جب کہ شائقین نے ایک ہفتہ قبل ہی ان کا مومی مجسمہ لندن کے معروف مادام تساؤ میوزیم میں سجانے کا مطالبہ کیا تھا۔سشانت سنگھ راجپوت کے مجسمے کو سجانے کے لیے چینج آرگنائیزیشن پر شروع کی گئی آن لائن پٹیشن پر 18 ستمبر کی سہ پہر تک سوا دو لاکھ افراد نے دستخط کرلیے تھے۔آن لائن پٹیشن میں مادام تساؤ میوزیم کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا کہ باصلاحیت اور نوجوان اداکار کا مجسمہ میوزیم کی زینت بنایا جائے۔ساتھ ہی پٹیشن میں سشانت سنگھ راجپوت کے فلمی سفر کو بھی دنیا کے سامنے لایا گیا تھا۔