سپر لیگ کا مستقبل سیزن 5 کے باقی میچز پر منحصر ہے، عاقب، التوا سے منفی اثر پڑے گا

September 19, 2020

سپر لیگ کا مستقبل سیزن 5 کے باقی میچز پر منحصر ہے، عاقب جاوید

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی مقبول اور متحرک فرنچائز لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر عاقب جاوید نے کہا ہے کہ پی ایس ایل فائیو کے باقی میچز نہیں ہوئے تو پھر پی ایس ایل 6 پر بھی سوالیہ نشان لگ جائے گا ، اس کے ملتوی شدہ میچوں کا ہونا بہت ضروری ہے، لاہور قلندرز عاقب جاویدنے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پی ایس ایل کے میچز ملتوی ہوئے لیکن اب اچھی خبریں یہ ہیں کہ پاکستان میں حالات بہتر ہیں، پاکستان میں قرنطینہ بھی زیادہ نہیں کرنا پڑتا اور زیادہ سے زیادہ 48 گھنٹوں کا قرنطینہ کر دیا گیا ہے جو کہ اچھی چیز ہے۔ سابق قومی کرکٹر نے کہا کہ دوسرے ممالک میں اب بھی قرنطینہ 15 روز کا چل رہا ہے، اگر پاکستان میں بھی قرنطینہ 15 روز کا ہوتا تو مجھے نہیں لگتا تھا کہ غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آنے کی حامی بھرتے لیکن اب ایسا نہیں ہے،70 سالوں میں اگر کوئی برانڈ پاکستان میں بنا ہے تو وہ پی ایس ایل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے میچز اسی طرح مزید دو تین برس لگاتار پاکستان میں ہوتے رہے تو تو اس کے پاکستان میں کھیلوں پر مثبت اثرات پڑیں گے۔ اگر تمام چیزیں مثبت رہتی ہیں اور پی ایس ایل کے باقی میچز شیڈول کے مطابق ہوتے ہیں تو یقینی طور پر غیر ملکی کھلاڑی بھی پاکستان آئیں گے، غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ رابطے میں ہیں وہ ابھی سے پوچھتے رہتے ہیں اور بین ڈنک آنے کے لیے پرجوش ہیں۔ ڈائریکٹر لاہور قلندرز عاقب جاوید نے کہا کہ 48 گھنٹوں کی وجہ سے اب کسی کھلاڑی کے لیے معذرت پیش کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا مکمل ہونا بہت ضروری ہے، غیر ملکی کھلاڑی آئی پی ایل کے لیے متحدہ عرب امارات میں ہی ہوں گے تو انہیں آنے میں آسانی ہو گی۔ ڈائریکڑ لاہور قلندرز اس حق میں ہیں کہ میچز کے لیے شائقین کرکٹ کو اسٹیڈیم میں لانا چاہیے، کوروناکی صورتحال بہتر ہونے پر ہوٹلز اور دوسری جگہوں کو ایس او پیز کے ساتھ کھولا گیا ہے تو یہ میچز بھی اوپن ائیر میں ہونا ہیں تو اس میں بھی ایس اوپیز کے ساتھ تماشائیوں کو گراؤنڈ میں لائیں اور انہیں ایک قطار چھوڑ کر بٹھائیں، اس سے دنیا میں اچھا پیغام جائے گا، کم ازکم 5ہزار تماشائیوں کو گراؤنڈ میں لانا چاہیے۔لاہور قلندرز کی تیاریوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عاقب جاوید کا کہنا تھا میں سمجھتا ہوں کہ ستمبر کے آخر تک لاہور قلندرز کی تیاریوں کے سلسلے میں پلان تیار کر لیں گے۔