وسیم اکرم کا سوشل میڈیا پر ٹرول کرنے والوں کو جواب

September 19, 2020

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے سوشل میڈیا پر منفی تبصرے کرنے والے ٹرولرز کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ بدتمیزی بزدل لوگ کرتے ہیں۔

سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر وسیم اکرم نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ ہم سب کا یہ مقصد ہونا چاہئے کہ ہم ایک صحتمند طرز زندگی اپنانے کی کوشش کریں۔

انہوں نے کہا کہ میں جلد ہی 55 سال کا ہوجاؤں گا اور صحتمند طرز زندگی گزارنے کیلئے کوشش میں رہتا ہوں، آپ لوگوں کیلئے بھی میرا یہی پیغام ہے۔

45 سیکنڈ پر مبنی اپنے ویڈیو پیغام میں وسیم اکرم سوشل میڈیا پر بغیر سوچے سمجھے کچھ بھی لکھنے والوں پر طنز کرتے بھی دکھائی دیے۔

انہوں نے کہا کہ فیس بُک اور انسٹاگرام پر جو لوگ تنقید کا نشانہ بناتے ہیں اُن کیلئے میرا پیغام ہے کہ بدتمیزی بزدل لوگ کرتے ہیں۔

وسیم اکرم نے کہا کہ آپ کے کمنٹس سے پتہ چلتا ہے کہ آپ کا بیک گراؤنڈ کیا ہے، مجھے ایسے لوگوں کے بڑوں سے ہمدردی ہے۔

انہوں نے ایسے لوگوں کو بھی جواب دیا جنہوں نے سابق کپتان کی سوئمنگ پول میں لی گئی تصویر کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا، بہت سے لوگوں نے کہا تھا کہ بغیر شرٹ کے تصویر شیئر کردی کیا مسلمانوں کا یہ طریقہ کار ہونا چاہئے جس پر سابق کپتان نے کہا کہ اگلی مرتبہ سے تھری پیس سوٹ میں تیراکی کروں گا اور تصویر شیئر کروں گا اگر یہ بھی نہیں پسند تو گھاگھرا پہن لوں گا۔


وسیم اکرم نے طنزیہ انداز اپناتے ہوئے کہا کہ ’لکھنے اور بولنے سے پہلے نہ سوچنے والے کلاسک لوگ۔‘

وسیم اکرم کی ویڈیو پر گلوکار علی ظفر نے بھی اپنی پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے اس ویڈیو کو ٹرولرز کیلئے سوئنگنگ یورکر قرار دیا۔

میزبان فخر عالم نے بھی وسیم اکرم کی ویڈیو کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ مجھے آپ کی گھاگرے میں تصویروں کا بےصبری سے انتظار ہے۔

اہلیہ شنیرا اکرم نے شعیب ملک کی تھری پیس سوٹ میں تصویر شیئر کرتے ہوئے پوچھا کہ کیا آپ اب ایسے حلیے میں تیراکی کا ارادہ رکھتے ہیں؟

خیال رہے کہ وسیم اکرم نے اپنی 5 سالہ بیٹی عائلہ کے لباس پر تنقید کرنے والے صارف کو جواب دے دیا۔

سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر وسیم اکرم نے بیٹی کے ساتھ واک کرنے کی تصویر شیئر کی جس میں عائلہ کو دیکھا جاسکتا ہے کہ جس نے شرٹ کے ساتھ شارٹس پہن رکھے ہیں۔

اس تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک صارف نے وسیم اکرم کو نصیحت کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ اسلام کے مطابق زندگی بسر کریں اور اپنی بیٹی کو مناسب کپڑے پہننا سکھائیں۔‘

وسیم اکرم نے اپنی بیٹی سے متعلق اس کمنٹ کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’کیا آپ واقعی سنجیدہ ہیں، براہ کرم اپنے کام سے کام رکھیں۔‘