فیملی نہیں دوستوں کے ساتھ وقت گزارنا خوشی کا باعث، تحقیق

September 19, 2020

امریکا کی جنوبی میتھوڈسٹ یونیورسٹی ڈلاس ٹیکساس کے نفسیات کے پروفیسر ناتھن ہڈسن نے کہا ہے کہ انسان اپنے دوستوں کے ساتھ وقت گزارنے سے زیادہ خوش رہ سکتے ہیں بہ نسبت اپنے خاندان یا اپنے بیوی بچوں کے۔ انہوں نے یہ بات اپنی ایک حالیہ تحقیق میں بتائی۔

ان کی تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ دوستوں کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے والے افراد کی صحت بہتر ہوتی ہے۔ جبکہ اپنی بیویوں کے ساتھ زیادہ تر وقت گزارنے والے افراد زیادہ تر ناخوش رہتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ خوش رہنے کا تعلق کسی مخصوص فرد کے ساتھ رہنے سے نہیں بلکہ ان سرگرمیوں سے ہے جو کسی کے ساتھ مل کر کی جاتی ہیں۔

شخصیت اور نفسیات سے متعلق امریکی جرنل میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں کہا گیا ہے کہ اکثر اوقات لطف انگیز سرگرمیاں اپنے دوستوں کے ساتھ ہی کی جاتی ہیں جبکہ اہل خانہ کے ساتھ روز مرہ کے کام نمٹانے میں وقت گزر جاتا ہے۔

تاہم اگر بچوں اور شریک حیات کے ساتھ بھی لطف انگیز سرگرمیوں میں مشغول ہوا جائے تو ایسا کرنا یقیناً خوشی کا باعث ہوتا ہے۔

تحقیق میں شریک افراد سے دوستوں اور خاندان کے ارکان کے ساتھ کی جانے والی سرگرمیوں کے بارے میں بھی سوال کیا گیا تھا۔

تحقیق کے مطابق دوستوں کے ساتھ گزارے گئے، 65 فیصد لمحات لطف اندوز سرگرمیوں میں بتائے گئے جبکہ فیملی کے ساتھ صرف 28 فیصد تجربات اس نوعیت کے تھے۔

پروفیسر ہڈسن کے مطابق بچوں اور شریک حیات کے ساتھ وقت گزارتے ہوئے مثبت سرگرمیوں کو یقینی بنایا جائے جو زیادہ سے زیادہ خوشی کا باعث بنتی ہیں۔