ڈومیسٹک کرکٹ: ٹیموں کی دوسری کوویڈ 19 ٹیسٹنگ رپورٹ جاری

September 19, 2020

ڈومیسٹک کرکٹ فرسٹ الیون ٹیموں کی دوسری کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کی رپورٹ جاری کردی گئی، چھ ٹیموں کے 102 کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کا مسلسل دوسرا ٹیسٹ بھی منفی آیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق بلوچستان کے ہیڈ کوچ فیصل اقبال اور اسسٹنٹ کوچ وسیم حیدر نے کوویڈ19 پروٹوکول کی خلاف ورزی کی، دونوں کوچز کو مزید 5 روز سیلف آئسولیشن میں گزارنے ہوں گے۔

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے لئے پہلے کوویڈ19 ٹیسٹ منفی آنے کے بعد چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کے تمام کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کے دوسرے کوویڈ19 ٹیسٹ بھی منفی آئے ہیں۔ جس کے بعد اب یہ تمام کھلاڑی اور سپورٹ اسٹاف ملتان میں بنائے گئے بائیو سیکیور ببل کا حصہ بن سکیں گے۔

تمام کھلاڑی سپورٹ اسٹاف اب 20 ستمبر سے اپنی ٹریننگ اور نیٹ پریکٹس کا آغازکردیں گے۔

کامران اکمل کا پہلا کوویڈ 19 ٹیسٹ منفی آیا وہ نجی مصروفیات کے باعث 24 دسمبر سے ٹیم کو جوائن کریں گے ان کا دوسرا ٹیسٹ 23 ستمبر کو ہوگا۔

دوسری جانب کوویڈ19 کے پروٹوکولز کی خلاف ورزی کرنے پر بلوچستان کے ہیڈ کوچ فیصل اقبال اور اسسٹنٹ کوچ وسیم حیدر اب مزید 5 روز کنٹری کلب مریدکے میں سیلف آئسولیشن میں رہیں گے۔

کوویڈ19 ٹیسٹ کے اخراجات فیصل اقبال اور وسیم حیدر کو خود برداشت کرنے ہوں گے۔