ڈیمالیشن ٹیموں کو مزاحمت کا سامنا،تھانہ ایس بی سی اے تحفظ میں ناکام

September 20, 2020

کراچی(اسٹاف رپورٹر) تھانہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ایس ایچ او نے ایس بی سی اے کی ڈیمالیشن ٹیموں کی حفاظت کے بجائے غیر قانونی تعمیرات کر نے والے بلڈرزکو تحفظ دینا شروع کر دیا ہے، با خبر ذرائع کے مطابق ایس بی سی اے کی ڈیمالیشن ٹیم محمود آباد میں 2 پلاٹوں کی غیر قانونی منزلیں منہدم کرنے پہنچی لیکن تھانہ ایس بی سی اے کے ایس ایچ او نے اپنی ٹیم علاقہ میں نہیں بھیجی، کئی گھنٹوں کے بعد ڈیمالیشن ٹیم کو کارروائی کے بغیر واپس آنا پڑا، ذرائع کا یہ بھی کہنا ہےکہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی ڈیمالیشن ٹیم گزشتہ روز بھی چاکیواڑہ لیاری میں غیرقانونی تعمیرات توڑنے گئی بلڈر مافیانے ٹیم کو زدو کوب کرکے واپس جانے پر مجبور کردیا، جس کی رپورٹ اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے تھانہ چاکیواڑہ میں جمع کرا دی، ذرائع کے مطابق سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی ڈیمالیشن ٹیم تھانہ ایس بی سی اے کی نفری کے ہمراہ چاکیواڑہ تھانےمیں اندراج کراکے واقع پلاٹ نمبر 3000 پر پہنچی اورپانچویں منزل پر غیر قانونی منزل پر انہدامی کارروائی شروع کی تو ٹھیکدار مافیا کے کارندوں نے مزاحمت شروع کر دی، پولیس ڈیمالیشن ٹیم کو تحفظ دینے کے بجائے موقع سے فرار ہو گئی، جس کے بعد ٹھیکدار مافیاکے کارندوں نے بلڈنگ کنٹرول ڈیمالیشن ٹیم کو زدو کوب کے بعد عمارت سے نیچے اتار دیا،بعد ازاں بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر تھانہ چاکیواڑہ پہنچے اور تحریری شکایت جمع کرا دی ہے۔