فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے مزید اقدامات کئے جائیں،عامر خان

September 20, 2020

کراچی( اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے ایک وفدکے ہمراہ جماعت اہلسنت پاکستان کے امیر علامہ شاہ عبدالحق قادری سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ،جس میں ملک میں مذہبی ہم آہنگی اور فرقہ وارانہ تعلقات کو برقرار رکھنے پر زور دیا گیا۔ ایم کیوایم کے وفد میں رابطہ کمیٹی کے رکن عبدالحسیب,عادل خان اور علماء کمیٹی کے انچارج جاویداحمدشامل تھے۔عامرخان نے زور دیا کہ ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے کیلئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے اور علماء اکرام اس سلسلے میں کلیدی کردار ادا کرتے رہے ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ یہ سلسلہ بر قرار رہے گا اور وطن عزیز مذہبی وفرقہ وارانہ ہم آہنگی کا گلشن بنا رہے گا ۔ امیر اہلسنت شاہ عبد الحق قادری نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے کیلئے ایم کیو ایم کے کردار کی تعریف کی ۔