منی لانڈرنگ، سی آئی ٹی نے سلیمان شہباز کو 25 ستمبر کو طلب کرلیا

September 20, 2020

اسلام آباد (فخردرانی)منی لانڈرنگ، سی آئی ٹی نے سلیمان شہباز کو 25ستمبر کو طلب کرلیا ہے۔ جاری کیے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ سلیمان شہباز ذاتی حیثیت میں آکر ملازمین کے بینک اکائونٹس میں 9.2 ارب جمع کرنے کی وضاحت کریں۔ تفصیلات کے مطابق، ایف آئی اے، ایس ای سی پی اور اسٹیٹ بینک کے ارکان پر مشتمل مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (سی آئی ٹی) نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے بیٹے سلیمان شہباز کو 25 ستمبر کو طلب کرلیا ہے۔ ان سے مختلف شوگر ملز میں منی لانڈرنگ اور مالیاتی فراڈ سے متعلق تحقیقات کی جائیں گی۔ اس حوالے سے 19 ستمبر کو ایف آئی اے ڈائریکٹوریٹ پنجاب زون سے جاری کیے گئے خط میں سلیمان شہباز سے کہا گیا ہے کہ وہ 25 ستمبر، 2020 کو ذاتی حیثیت میں صبح 9 بجے ایف آئی اے دفتر میں آکر پوچھے گئے سوالات کا جواب دیں۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ وہ رمضان شوگر ملز لمیٹڈ اور العربیہ شوگر ملز لمیٹڈ کے نچلے درجے کے ملازمین (پیون ، کلرک وغیرہ) کے بینک اکائونٹس میں جمع کروائے گئے 9.2 ارب روپے کی وضاحت کریں۔