دبئی میں چار سمتوں کی جانب جانے والا انوکھا پل کھول دیا گیا

September 20, 2020

کراچی (نیوز ڈیسک) دبئی کی روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے ہفتے کے روز متحدہ عرب امارات میں اپنی نوعیت کے انوکھے پل کو لوگوں کے لیے کھول دیا۔ اس پل کے چار راستے ہیں جو ایک گھنٹے میں 8 ہزار لوگوں کے گزرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔چار سمتوں کی جانب جانے والا یہ پل دبئی مرینا کے دروازے پر الغربی اسٹریٹ کے ساتھ شاہ سلمان بن عبد العزیز آل سعود اسٹریٹ کے چوراہے پر واقع ہے۔اس پل میں چار ایسکلیٹرز ہیں جو اس چوراہے کی چاروں اطراف سے ملتے ہیں۔یہ پل 75 میٹر تک پھیلا ہوا ہے اور ہر سمت میں فی گھنٹہ 8 ہزار لوگ اس پر سے گزر سکتے ہیں۔روڈ اور ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ڈائریکٹر جنرل مطر الطائر کا کہنا تھا کہ مرینا میں اتنا بڑا پل بنانے کا فیصلہ کئی وجوہات کی بنا پر لیا گیا ہے۔ اس چوراہے پر رش کے وقت ہر سمت میں 23 سو لوگ اور 2 ہزار گاڑیاں گزرتی ہیں۔ مزیدبرآں، اس چوراہے سے ہر 6 منٹ بعد ایک ٹرام گزرتے ہے، اور اس جگہ پر دو ٹرین اسٹیشن اور ایک بس اسٹاپ واقع ہے لیکن اس چوراہے کے قریب پیدل چلنے والوں کے لیے کوئی پل نہیں ہے۔