سندھ: کورونا کے 321 نئے کیسز، 1شخص جاں بحق

September 20, 2020

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 321 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔

صوبے میں کورونا وائر س کی صورتحال سے متعلق جاری بیان میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے مزید 13 ہزار 198 ٹیسٹ کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں اب تک کورونا کے 12 لاکھ 28 ہزار 57 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں جبکہ 1 لاکھ 33 ہزار 947 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

سید مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ آج کورونا وائرس سے مزید 168 مریض صحتیاب ہوگئے ہیں، جس کے بعد صحتیاب مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 28 ہزار 407 ہوچکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 24 گھنٹے کے دوران ایک مریض کی موت کورونا وائرس کے باعث ہوئی، یوں صوبے میں جاں بحق افراد کی تعداد 2 ہزار 460 تک پہنچ چکی ہے۔

وزیرِاعلیٰ سندھ نے یہ بھی کہا کہ اس وقت صوبے میں 3 ہزار 80 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں 2 ہزار 793 مریض گھروں، 5 آئسولیشن سینٹرز اور 282 مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا متاثرہ افراد میں 179 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہیں جبکہ 24 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

سید مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ صوبے میں سامنے آنے والے نئے 321 کیسز میں سے 255 کا تعلق کراچی سے ہے، جن میں ضلع شرقی میں 86، ضلع جنوبی میں67 اور ملیر میں37 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ضلع وسطی میں 34، کورنگی میں 16 اور ضلع غربی میں 15 مزید کیسز ظاہر ہوئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ دادو، ٹنڈوالہیار میں7، 7، حیدرآباد میں6، ٹھٹھہ میں5، جامشورو میں4، بدین، سجاول، ٹنڈومحمد خان اور مٹیاری میں 3،3، لاڑکانہ میں2، میر پور خاص اور شہید بینظیر آباد میں ایک ایک نیا کیس رپورٹہوا ہے۔