ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کا آغاز

September 21, 2020


کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا، مہم کے دوران پولیو ٹیموں کے ساتھ لیویز، پولیس، ایف سی کی سخت سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔

چمن ضلع بھر میں5 روزہ مہم کے دوارن ایک لاکھ 45 ہزار بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، پولیو لیڈی ورکر شہید بی بی نسرین کے شوہر نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلاکر مہم کا آغاز کیا۔

جنوبی وزیرستان میں قبائلی عمائدین نے مہم میں حصہ لیکر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے، ملتان ڈویژن میں پولیو مہم کے دوران 23 لاکھ 43 ہزار بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔

فیصل آباد میں 13 لاکھ81 ہزار 750 بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ، جبکہ حیدرآباد میں 2 لاکھ 90 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے، مہم میں ایک ہزار سے زائد لیڈی ہیلتھ ورکرز حصہ لے رہی ہیں۔

سکھر ،نواب شاہ،جیکب آباد، مالاکنڈ،ناروال، منڈی بہاؤالدین سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بھی 5 سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کا سلسلہ جاری ہے۔