شاہین آفریدی کس کی تلاش ہے؟ انضمام نے بتادیا

September 21, 2020

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان و چیف سلیکٹر انضام الحق نے ابھرتے ہوئے اسٹار بولر شاہین شاہ آفریدی کو مین اسٹریم میں لانے والی شخصیت کا نام بتادیا۔

ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر اپنے ایک پیغام میں سابق کپتان نے شاہین آفریدی کی عمدہ پرفارمنس پر داد دی اور کہا کہ جب نوجوان پرفارمنس دیتا ہے تو خوشی ہوتی ہے اور یہ نوجوان اگر پاکستانی ہو تو خوشی اور بھی بڑھ جاتی ہے۔

واضح رہے کہ انگلینڈ میں جاری ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کے دوران ہمشائر کی نمائندگی کرتے ہوئے ہیٹ ٹرک مکمل کی جبکہ اس پرفارمنس کے ساتھ انہوں نے 4 گیندوں پر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔

شاہین شاہ آفریدی کی تعریف کرتے ہوئے انضمام الحق نے بتایا کہ یہ نوجوان بولر مشتاق احمد اور مدثر نذر کی دریافت ہیں اور اس کھلاڑی کا کریڈٹ انہی کو جانا چاہیے۔

انضمام الحق کا کہنا تھا کہ انہوں نے شاہین سے متعلق سنا تھا کہ وہ بہت تیز گیند باز ہے، لیکن جب پہلی مرتبہ انہیں بولنگ کرتے دیکھا تو وہ واقعی اپنی عمر کے کھلاڑیوں سے زیادہ بردبار لگ رہے تھے۔

سابق کپتان نے شاہین آفریدی کے ان فٹ ہونے کے خدشے کا اظہار کیا اور کہا کہ بائیں ہاتھ کے بولر کی سلیکشن دیکھ بھال کر کرنی چاہیے۔

انھوں نے ماضی میں فاسٹ بولر محمد زاہد کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے وقت میں پاکستان ٹیم کا حصہ بننے والے زاہد ملک کا سرمایہ تھے، انہیں صحیح استعمال نہیں کیا گیا، وہ کمر کی انجری کا شکار ہوکر باہر ہوئے اور دوبارہ کم بیک نہیں کر پائے۔

پاکستانی رن مشین کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی اس وقت اپنی عمر کے اعتبار سے زیادہ محنت کر رہے ہیں، ان کی انجری کے خدشات بڑھ رہے ہیں، انھوں نے پاکستان کے دورہ انگلینڈ کے دوران بھی اس پیس کے ساتھ گیند نہیں کی جتنی وہ کرسکتے تھے۔

انضمام الحق نے کہا کہ نوجوان کھلاڑی پاکستان کرکٹ کا سرمایہ ہیں اور اگر انھیں دیکھ بھال کے استعمال نہیں کیا گیا تو یہ ضائع ہوجائیں گے۔

انھوں نے نوجوان کھلاڑیوں کو مشورہ دیا کہ وہ انگلینڈ میں کاؤنٹی کرکٹ کھیلیں، اس سے کھلاڑی کی صلاحیتوں میں بہت زیادہ بہتری آتی ہے، لیگز میں کوچز کرکٹ نہیں سکھاتے وہاں صرف میچز کی پلاننگ کرتے ہیں۔