کئی زبانوں میں ترجمہ کرنے والا فیس ماسک تیار

September 22, 2020

عالمی وبا کورونا وائرس کے اس دور میں جاپانی کمپنی نے ایک ایسا ماسک تیار کیا ہے جو سماجی فاصلے کے وقت آپ کی آواز کو بڑھانے اور آٹھ زبانوں میں ترجمہ کرسکتا ہے، آئیے اس خصوصی ماسک کے بارے میں تفصیلی معلومات جانتے ہیں۔

گزشتہ کئی ماہ سے پوری دنیا میں کورونا وائرس کے نام سے ایک عالمی وبا پھیلی ہوئی ہے اور اس سے بچنے کے لیے فیس ماسک لگانا لازمی ہے ۔اس ضمن میں ایک جاپانی کمپنی نے ایک ایسا ماسک تیار کیا ہے جو سماجی فاصلے کے وقت آپ کی آواز کو بڑھانے اور آٹھ زبانوں میں ترجمہ کرسکتا ہے۔

یہ ماسک ایک ایپ کے ذریعے کام کرتا ہے اور اگر آپ کچھ کہہ رہے ہیں تو یہ اس کا ترجمہ کئی زبانوں میں کرسکتا ہے اور اگر کوئی سماجی فاصلے کی وجہ سے اپنی آواز دوسرے تک پہنچانے سے قاصر ہے تو ماسک ایک لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے آپ کی آواز کو بڑھا سکتا ہے۔ اس طرح سماجی فاصلہ اور گفتگو میں آسانی کے لیے اب یہ ماسک مدد گار ثابت ہوگا۔

یہ ماسک کون کونسی زبانوں میں ترجمہ کرسکتا ہے؟

کمپنی کے مطابق اس ماسک میں سامنے کی جانب سانس لینے کے لیے سوراخ بنائے گئے ہیں۔ ان سوراخ کا اصل کام تر جمہ کرنا اور آپ کی آواز کو بڑھا کر پیش کرنا ہے۔ اس کو پلاسٹک اور سلیکون سے بنایا گیا ہے۔

اس ماسک میں ایک جدید ترین مائیکرو چِپ نصب ہے جو پہننے والے کے اسمارٹ فون سے بلیو ٹوتھ یا وائی فائی سے جُڑ سکتی ہے۔اس طرح آپ ہسپانوی، فرانسیسی، چینی، کوریائی، ویت نامی، انڈونیشیائی، انگریزی اور جاپانی زبانوں میں ترجمہ کرسکتے ہیں۔

ان آٹھوں زبانوں کو ایک دوسرے میں ترجمہ کیا جاسکتا ہے۔ پہلے یہ کمپنی صرف ایک مترجم آلہ بنانا چاہتی تھی لیکن کوویڈ 19 آنے کے بعد اسے فیس ماسک میں تبدیل کردیا گیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ مترجم ماسک ایسے سیاحوں کے لیے بنایا گیا ہے جو ائیرپورٹ پر زبان نہ جاننے کی وجہ سے مشکلات کے شکار ہوتے ہیں یا پھر کسی دوسرے ملک کی اجنبی زبان سے پریشان ہوتے ہیں۔