یونس خان کا پی سی بی کیساتھ مزید منسلک رہنے کا امکان

September 22, 2020

حال ہی میں دورہ انگلینڈ کے دوران قومی کرکٹ ٹیم کے ہمراہ بطور بیٹنگ کوچ جانے والے یونس خان کا مستقبل میں بھی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ساتھ منسلک رہنے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی میں سابق کپتان یونس خان کو مستقبل میں بھی سسٹم کا حصہ برقرار رکھنے پر اتفاق ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق یونس خان کی خدمات سے مستقبل میں بھی استفادہ کیا جائے گا۔

سابق کپتان یونس خان کہاں اور کس رول میں خدمات انجام دیں گے اس کی تفصیلات طے کی جارہی ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ سابق کپتان یونس خان جلد پی سی بی چیف ایگزیکٹیو وسیم خان سے ملاقات کریں گے۔

یہ ملاقات گزشتہ ہفتے شیڈول تھی تاہم وسیم خان کی لاہور میں عدم موجودگی اور مصروفیات کے باعث یہ ملاقات نہ ہوسکی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ آئندہ ہفتے اس ملاقات کا امکان ہے جس کے بعد یونس خان کے رول کو حتمی شکل دی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ کے علاوہ ایج گروپ ٹیموں کے لیے یونس خان کی خدمات لی جائیں گی۔

واضح رہے کہ یونس خان کو دورہ انگلینڈ کے لیے پاکستان ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کیا گیا تھا۔