جنوبی آسٹریلیا میں 70 وہیل مچھلیاں بھٹک کر تسمانیہ جزیرے میں آگئیں

September 23, 2020

سڈنی (اے پی پی) جنوبی آسٹریلیا میں 70 وہیل مچھلیاں بھٹک کر تسمانیہ جزیرے میں آگئیں جبکہ سمندری ماہرین نے ان مچھلیوں کی زندگیاں بچانے کے لئے ریسکیو آپریشن کے امکانات کا جائزہ لینا شروع کردیا ۔ پیر کو عالمی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق یہ وہیل مچھلیاں جزیرہ میکوئیری نامی بندرگاہ کے مغربی ساحل پر ریت کے ٹیلے پر پھنس گئیں ۔ پولیس موقع پر پہنچ گئی جبکہ سمندری امورکے ماہرین بھی صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے موقع پر روانہ کر دیئے گئے ہیں جبکہ اضافی عملہ بھی ضروری سازوسامان لے کر بندرگاہ کے مغربی ساحل پر پہنچ رہاہے ۔ تسمانیہ میں وہیل مچھلیاں اکثروبیشتر بھٹکتی رہتی ہیں تاہم بڑے پیمانے پر وہیل مچھلیوں کے بھٹک جانے نے حکام کو ریسکیو کے امکانات کا جائزہ لینے پر مجبور کردیا ہے ۔ واضح ر ہے کہ دو ہفتے قبل بھی ہمپ بیک وہیل مچھلیاں سمندر سے بھٹک کر دریا میں داخل ہو گئیں تھیں ۔