تین ہٹی سے لاش ملی، دیگر واقعات میں خواتین سمیت 8 افراد جاں بحق

September 23, 2020

کراچی(اسٹاف رپورٹر) مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات اور کرنٹ لگنے کے واقعات میں 2خواتین سمیت 8افراد جاں بحق، بچی سمیت 2افراد زخمی ہوگئے، جبکہ تین ہٹی کے قریب واقع درگا کے پاس سے ایک شخص کی لاش ملی،تفصیلات کے مطابق مین منگھوپیر روڈ پر بنارس سے ولیکا اسپتال جاتے ہوئے تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 28سالہ حبیب اللہ ولد بشیر افضل جاں بحق ہوگیا، فرئیر تھانے کی حدود کلفٹن تین تلوار للی برج کے قریب موٹر سائیکل سوار 2نوجوان پہیوں سے ٹکرا کر آئل ٹینکر کے نیچے دب گئے ،جس کے نتیجے میں 18سالہ امید خان موقع پر ہی جاں بحق، جبکہ 20سالہ نصیر زخمی ہو گیا،واقعے کے بعد ٹینکر کا ڈرائیور فرار ہو گیا،پولیس نے آئل ٹینکر کو تحویل میں لے لیا ہے ، کورنگی ویٹا چورنگی کے قریب گاڑی کی ٹکر سے 50سالہ عبدالذاہد جاں بحق ہوگیا،منظور کالونی اسٹریٹ نمبر2میں واقع گھر میں کام کے دوران 28سالہ سائرہ زوجہ عبدالعزیز کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگئی ، پرانا گولیمار عبداللہ ولیج میں گھر میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے 65سالہ عبدالقادرجاں بحق ہوگیا ، گلشن اقبال بیت المکرم مسجد کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 15سالہ لڑکا جاں بحق ہوگیا،پولیس کے مطابق متوفی کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی، حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا، لاش شناخت کے لئے سرد خانے میں رکھوادی ہے، گلشن معمار نزدکریم شاہ درگاہ کے قریب ٹریفک حادثے میں 35 سالہ خاتون جاں بحق اور 7سالہ بچی زخمی ہوگئی،جنکی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی، پنجاب چورنگی انڈر بائی پاس کے قریب گاڑی کی ٹکر سے50 سالہ شخص جاں بحق ہوگیا، متوفی کی شناخت نہیں ہوسکی، علاوہ ازیں جمشید کوارٹر تھانے کی حدود تین ہٹی مزار کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی، اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو جنا ح اسپتال منتقل کیا ، پولیس کے مطابق متوفی کے پاس سے شناخت کے حوالےسے کوئی چیز نہیں ملی، متوفی کی عمر 55 برس کے درمیان ہے، تاہم وجہ موت پوسٹمارٹم رپورٹ ملنے کے بعد ہی معلوم ہوگی۔