ملک کو عدم استحکام، فرقہ واریت میں دھکیلنے کی کوششیں ہورہی ہیں، مفتی نعمان

September 23, 2020

کراچی (پ ر )مذہبی اسکالر وجامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم مفتی نعمان نعیم نے کہا ہے کہ ملک کو عدم استحکام اور فرقہ واریت میں دھکیلنے کی کوششیں ہورہی ہیں ،تمام مذہبی، سیاسی اکائیوں کو متحد ہوکر فکر کرنی چاہے۔ انہوں نے کہاکہ ایک طرف ملک دشمن عناصر فرقہ واریت کے ذریعے ملک کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں تو دوسری طرف سیاسی عدم استحکام کے باعث عوامی مسائل کی طرف توجہ دینے سے حکمران قاصر نظر آتے ہیں جس کی وجہ سے عوام میں دن بدن مایوسی پھیل رہی ہے ،موجودہ حکومت اور وزیر اعظم سے قوم کو بڑی توقعات وابستہ ہیں آیندہ دوسال بھی ایسے ہی گزر گئے تو قوم کا اعتماد سیاستدانوں سے اٹھ جائے گا ، انہوں نے کہاکہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے اس کی قدر اور معاشی ومعاشرتی ترقی میں کردار ادا کرنا معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے افسوس اس کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ اس کے حکمران وسیاستدان رہے ہیں جو پورے دور اقتدار ایک دوسرے پر کچڑ اچھال کر گزار دیتے ہیں اور عوام ترقی وخوشحالی سے محروم رہ جاتے ہیں۔