گلبرگ، ڈی آئی جی آفس کے قریب سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار

September 23, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) فیڈرل بی ایریا، گلبرگ کے مکینوں نے کمشنر کراچی سہیل راجپوت، ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی، ایڈمنسٹریٹر ضلع وسطی اور دیگر متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈی آئی جی پولیس غربی کے دفتر کے قریب واقع سڑک کی ٹوٹ پھوٹ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے جلد از جلداس کی تعمیر نو کروائیں یا مرمت کی جائے تاکہ علاقہ مکینوں کے ساتھ ساتھ ڈی آئی جی، ایس ایس پی وسطی کے دفاتر اور گلبرگ تھانے آنے والے سائلین ، راہ گیروں اور سرکاری اہل کاروں کوسہولت حاصل ہوسکے۔ تفصیلات کے مطابق کچھ عرصہ قبل ہوئی بارشوں کے دوران فیڈرل بی ایریا بلاک 12، پلاٹ نمبر BS-1سے متصل جامع مسجد شاہ احمد نورانی سے پلاٹ نمبر BS-7نزد جامع مسجد اسلامیہ انوار العلوم تک کمرشل علاقے کی سڑک بری طرح متاثر ہوئی ہے، یہاں 12فٹ گہرائی میں گزر رہی 24انچ قطر کی نکاسی آب کی لائن بیٹھ گئی تھی، تاہم کے ڈبلیو ایس بی نے بروقت کارروائی کرکے یہاں نئی لائن تو ڈال دی، لیکن اس کے نتیجے میں مذکورہ مقام کے ساتھ ساتھ بلاک نمبر 10میںڈی آئی جی آفس، تھانہ گلبرگ اور بلاک نمبر 11میں واقع جامع مسجد شاداب کے قریب بھی سڑک بری طرح ٹوٹ پھوٹ گئی ہے، جس کے باعث اس کمرشل ایریا میں واقع فلیٹس کے مکینوں، یہاں کاروبار کرنے والے دکانداروں، ان کے گاہکوں، نمازیوں،راہ گیروں، سائلین اور سرکاری اہل کاروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جب کہ اس علاقے میں قائم متعدد اسکولوں کی موجودگی کے سبب یہاں اکثر وبیشتر ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے یا ٹریفک جام بھی ہوجاتا ہے۔