انڈر گراؤنڈ مارکیٹس بنانے کے منصوبے پر غور کیا جارہا ہے،ایڈمنسٹریٹر

September 23, 2020

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہا ہے کہ مقررہ پارکنگ فیس سے زائد وصولی پر متعلقہ کنٹریکٹر کے خلاف ایف آئی آر درج کراکے کنٹریکٹ منسوخ کردیا جائے گا گنجان آبادی اور کمرشل علاقوں میں جگہ کی تنگی کے باعث مزید انڈر گراؤنڈ مارکیٹس بنانے کے منصوبے پر غور کیا جارہا ہے،عبداللہ ہارون روڈسمیت صد ر کے تمام علاقوں میں سنگل لائن پارکنگ کی جائے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کی صبح اپنے دفتر میں ملاقات کے لئے آئے ہوئے کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیاجس کی سربراہی صدر کے ای ڈ ی اے محمد رضوان عرفان کررہے تھے، کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے صدر اور دیگر علاقوں میں تاجر برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا،انہوں نے کہا کہ سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر کچرے کے ڈھیر اور سیوریج کی نکاسی نہ ہونے کی وجہ سے دکانداروں اور خریداروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے اور مختلف سڑکوں پرخصوصاً صدر کے علاقے میں گاڑیوں کی غلط پارکنگ کی وجہ سے ان کا کاروبار شدید متاثر ہو اہے،جبکہ صدر کے علاقے میں کوئٹہ اور حیدرآباد جانے والی کوچز نے بھی دوبارہ اپنے اڈے قائم کر لئے ہیں،ایڈمنسٹریٹر نے انہوں نے کہا کہ صدر کے علاقے میں مختلف سڑکوں اور فٹ پاتھو ں پر لگائے جانے والے فروٹ کے ٹھیلے،اسٹالز اورزمین پر بیٹھ کر اشیا ء فروخت کرنے والوں کو فوراً ہٹایا جائے اور عبداللہ ہارون روڈ سمیت صدر کی کسی بھی سڑک پر سنگل لائن سے زائد گاڑیاں پارک کرنے کی ہرگزاجازت نہ دی جائے،انہوں نے کہا کہ عبداللہ ہارون روڈ صدر اور گولیمار میں واقع انڈر گراؤنڈ مارکیٹس کو بھی ان کی تزئین وآرائش کے بعد دوبارہ فعال کیا جائے گا،دریں اثنا سٹی وارڈنز کے ہیڈ کوارٹرز میں فزیکل ویری فکیشن کے موقع پر اپنے خطاب کرتے ہوئے ، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا ہے کہ سٹی وارڈنز بلدیہ عظمیٰ کراچی کا ہراول دستہ ہیں اور ہر موقع پر موجود ہوتے ہیں، سٹی وارڈنز کے محکمے کو اپ گریڈ کرکے مزید فعال اور شہر کے لئے موثر بنائیں گے، شہر کے بہتر مفاد میں سٹی وارڈنز کو استعمال کیا جائے گا تاکہ کے ایم سی کے اثاثہ جات، پارکس، اسپتالوں اور دیگر مقامات کی نگہبانی اور دیکھ بھال بہتر طریقے سے ہوسکے،پہلے مرحلے میں انہیں باقاعدہ یونیفارم اور دیگر ضروری اشیاء فراہم کی جائیں گی اور وارڈنز کی گاڑیوں کی درستگی سمیت دیگر مسائل کو حل کیا جائے گا، ایمانداری اور محنت سے اپنے فرائض انجام دینے والے وارڈنز کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، اس موقع پر اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہونے والے سٹی وارڈنز کی یادگار پر پھول چڑھائے۔