فشنگ زون12سے بڑھاکر 35ناٹیکل میل کیا جائے،عبدالبر

September 23, 2020

کراچی(اسٹاف رپورٹر) چیئرمین فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی عبدالبر نے کہا ہے کہ کچھ لوگ اپنے مذموم مقاصد کے لیے ڈیپ سی فشنگ پالیسی کے حوالے سے پروپیگنڈہ کر کے ماہی گیربرادری میں اضطراب پیدا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں،احتجاج کے پیچھے چھپ کرحکومت کو اربوں روپے کا ٹیکہ لگانے والی 52 غیر قانونی جیٹیوں کی سرپرست مافیاکو منہ کی کھانی پڑے گی،وہ منگل کے روز ڈائریکٹر آصف بھٹی اور عبدالروف ابراہیم کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ عبدالبر نے کہا کہ چند ماہ قبل ہم نے چائنہ کی ایک کمپنی سے فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی اور ماہی گیروں کے مفادات کو مدنظر رکھ کر جو معاہدہ کیا تھا۔اس میں بورڈ کے تمام ڈائریکٹرز کے دستخط موجود ہیں۔اس معاہدہ کے تحت ہم نے اپنے ماہی گیروں اور ملکی مفاد کو اولیت دی ہے۔ہم کسی غیر ملکی فشنگ ٹرالر کو اپنے پانیوں میں فشنگ کی اجازت نہیں دیں گے۔ جو ٹرالرز سمندر میں کھڑے ہیں انہیں ہم نے نہیں بلوایا۔ہمیں بھی ان کی موجودگی کا بہت بعد میں علم ہوا تھا۔ ماہی گیروں کو فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی فشنگ کے جدید طریقوں سے روشناس کرانے کے لیے ٹریننگ ورکشاپس کا انعقاد کرائے گی۔ہم اپنی فشنگ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔چیئرمین فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی عبدالبر نے کہا ہے کہ چائنہ کی جس کمپنی سے ہم نے معاہدہ کیا ہے۔وہ کمپنی ہمیں فائبر کی جدید بوٹس بناکر دے گی۔جو ہم اپنے ان ماہی گیروں کو آسان اقساط پر دیں گے جن کے پاس بوٹس نہیں ہیں۔تاکہ وہ اپنے پیروں پر کھڑے ہو سکیں۔ عبدالبر نے کہا کہ ہم نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ہمارا فشنگ زون12ناٹیکل میل سے بڑھا کر35ناٹیکل میل کر دیا جائے۔جبکہ وفاقی حکومت کا ڈیپ سی فشنگ زون200ناٹیکل میل سے بڑھ کر350ناٹیکل میل ہو گیا ہے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وفاقی حکومت نے ہمارے تمام اسٹک ہولڈرز کی بنائی ہوئی ڈیپ سی فشنگ پالیسی کو سرد خانے میں رکھا ہوا ہے۔اور اسے نافذ نہیں کیا جا رہااگر انہوں نے کوئی اپنی پالیسی مسلط کرنے کی کوشش کی لاکھوں ماہی گیر اس کی بھرپور مخالفت بھی کریں گے۔