سیکنڈ الیون ٹیموں کے کرکٹرز اور اسٹاف کے کورونا ٹیسٹ منفی

September 23, 2020

سیکنڈ الیون ٹیموں کے کرکٹرز اور اسٹاف کے کورونا ٹیسٹ منفی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پہلے کوویڈ19 ٹیسٹ منفی آنے کے بعد چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کےسیکنڈ الیون میں شامل دو افرادکے علاوہ باقی تمام کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کے دوسرے کوویڈ19 ٹیسٹ کی رپورٹ بھی منفی آئی ہے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ ان دو افراد کے دوسرے کوویڈ19 ٹیسٹ کی رپورٹ آنا ابھی باقی ہے۔ مسلسل 2 ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کے بعد اب یہ کھلاڑی اور سپورٹ اسٹاف لاہور میں بنائے گئے بائیو سیکیور ببل کا حصہ بن جائیں گے، جہاں انہیں آپس میں ملنے جلنے کی مکمل آزادی ہوگی۔ ٹیسٹ اکیس ستمبر کو لیے گئے تھے۔ مریدکے کنٹری کلب کے سنٹرل اسٹیشن پر موجود بلوچستان اور سندھ کے سیکنڈ الیون اسکواڈز پی سی ہوٹل لاہور پہنچ جائیں گے۔ سنٹرل پنجاب، خیبرپختونخوا، ناردرن اور سدرن پنجاب کے اسکواڈز پہلے سے ہی لاہور میں موجود ہیں۔ کرکٹرز اور اسپورٹ اسٹاف اب 23 ستمبر سےقذافی اسٹیڈیم لاہور اور نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر لاہور میں اپنی ٹریننگ اور نیٹ پریکٹس کا آغازکردیں گے۔