سوکھا دھنیا یا زیرہ؟ کونسا مسالا کتنا مفید؟

September 23, 2020

ہمارے کھانوں کی روایتوں سے جڑے مسالے سوکھا د ھنیا اور زیرہ کے استعمال کے بے شمار فوائد ہیں، انہیں وزن میں کمی کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے، ان دونوں مسالوں کی اس افادیت سے بہت سے لوگ ناواقف ہیں۔

مارکیٹ میں با آسانی دستیاب، ہر گھر کے کچن میں موجود گرم مسالے میں شمار کیا جانے والا زیرہ اور سوکھا دھنیا صحت کے لیے مفید اجزا ہیں جن کا متعدد طریقوں سے استعمال کیا جاتا ہے، ان کا غذاؤں میں استعمال سمیت وزن میں کمی لانے کے لیے قہوہ بنا کر بھی استعمال کیا جاتا ہے جو کہ نہایت مفید ثابت ہوتا ہے۔

سوکھے، ثابت دھنیے کے فوائد

دھنیے کے پتوں کے مقابلے میں خشک دھنیے یعنی ثابت دھنیے کے فوائد زیادہ ہیں، یہ معدے کو قوت بخشتا ہے، نظام ہاضمہ کی کارکردگی درست بناتا ہے، سوزش کم کرتا ہے، پیاس بجھاتا ہے، متلی اور قے کی صورت میں اس کے استعمال سے افاقہ ہوتا ہے۔

سوکھا دھنیا دل کے لیے بھی انتہائی مفید ہے، اس کے استعمال سے دل مضبوط ہوتا ہے اور دل کو ٹھنڈک، راحت محسوس ہوتی ہے، جن لوگوں کا دل گھبراتا ہو یا بے چینی محسوس ہوتی رہتی ہو اُنہیں سوکھے دھنیے کا استعمال زیادہ کرنا چاہیے۔

دل کی صحت خراب کرنے میںسب سے بڑا کردار کولیسٹرول کے غیر متوازن ہونے کا ہوتا ہے، سوکھا دھنیا کولیسٹرول لیول کو متوازن سطح پر لاتا ہے۔

سوکھا دھنیا خوبصورتی بڑھانے کے لیے

سیاہ ہونٹوں کو گلابی مائل کرنے کے لیے 2 چمچ سوکھے دھنیے کو پیس لیں، اب اس سفوف میں ایک چمچ لیموں کا رس ملا کر رات کے وقت سیاہ ہونٹوں پر لگائیں، اس عمل سے سیاہ ہونٹوں کا رنگ گلابی مائل ہو جائے گا۔

بالوں کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے ثابت دھنیے کا پاؤڈر بنا لیں، اب اس سفوف کو کسی بھی خالص تیل میں ملا کر اس کی بالوں کی جڑوں میں مساج کریں، اس عمل کو ہفتے میں2 بار دہرائیں، اس ٹوٹکے سے نا صرف بال جھڑنا بند ہو جائیں گے بلکہ ان کی جڑیں بھی مضبوط ہوں گی۔

زیرے کے استعمال کے فوائد

زیرہ استعمال کرنے کے انسانی مجموعی صحت پر بے شمار فوائد مرتب ہوتے ہیں جن میں سب سے اہم یہ ہے کہ زیرہ خون اور آئرن کی کمی پوری کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے، اس کے 100 گرام میں 66 ملی گرام آئرن پایا جاتا ہے جبکہ دو سے تین چمچ زیرہ کھانے سے ایک دن کی آئرن کی مطلوبہ مقدار پوری ہوجاتی ہے۔

پُر سکون نیند کے لیے

پر سکون نیند کے لیے زیرہ مددگار ثابت ہوتا ہے، زیرہ میں ’ میلاٹونن‘ (melatonin) نامی مادے کی بھاری مقدار پائی جاتی ہے، جس کا براہ راست تعلق نیند کے نظام سے ہوتا ہے، گہری اور پرُسکون نیند کے لیے رات کے کھانے میں زیرہ کا زیادہ استعمال کریں ۔

سانس کی پھولنے اور اکھڑنے کی شکایت میں زیرہ ایک مثالی غذا اور دوا کی حیثیت رکھتا ہے، بالخصوص دمے کے مریضوں کے لیے یہ انتہائی بہترین جز ثابت ہوتا ہے۔

زیرہ میں وٹامن ای پایا جاتا ہے جو کہ بڑھتی عمر کے اثرات کو تا دیر ظاہر ہونے سے روکتا ہے، زیرہ کے باقاعدگی سے استعمال سے چہرے پر جھریاں آنا، عمر کے ساتھ جلد پر پڑنے والے دھبوں کی روک تھام میں بھی مدد ملتی ہے ۔

وزن میں کمی کے لیے زیرہ یا سوکھا دھنیا، کونسا مسالا زیادہ مفید ہے ؟

دھنیا اور زیرہ دونوں ہی جسم میں موجود مضر صحت مادوں کو خارج کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں اور قوت مدافعت بڑھاتے ہیں ۔

وزن میں کمی کے لیے زیرہ اور سوکھے دھنیے کا قہوہ تجویز کیا جاتا ہے جو کہ دونوں ہی یکساں مفید اور فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں ۔

متبادل دنوں میں زیرے اور سوکھے دھنیے کے قہوے کا استعمال بلا کسی نقصان کیا جا سکتا ہے۔