شعیب اختر کو دھونی کے ساتھ گزارا وقت یاد آنے لگا

September 23, 2020

پاکستان کے سابق کرکٹر اور راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے پہچانے جانے والے فاسٹ بولر شعیب اختر سابق بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی کے ساتھ گزارے وقت کو یاد کرنے لگے۔

شعیب اختر نے میچ کے دوران کی ایک تصویر اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی جس میں بیٹنگ جبکہ مہندر سنگھ دھونی وکٹ کیپنگ کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

تصویر کے کیپشن میں شعیب اختر نے لکھا کہ ’ ہماری یادیں دھندلی ہوئی ہیں اور نہ ہی کوئی تصویر۔‘

انہوں نے لکھا کہ ’ میں چھکا لگانے کی کوشش کرتے ہوئےجبکہ دھونی اپنی شاطر نگاہیں گیند کی جانب مرکوز کئے ہوئے ہیں۔‘

اپنے ٹوئٹ میں سابق فاسٹ باؤلر نے ہیش ٹیگ دھونی، بھارت اور پاکستان کا اضافہ بھی کیا۔

خیال رہے کہ سابق کپتان شاہد آفریدی نے دھونی کے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے کے بعد انہیں بھارتی کرکٹ کا حقیقی لیجنڈ قرار دے دیا تھا۔

شاہد آفریدی نے ٹوئٹر پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے لکھا تھا کہ ’بھارتی کرکٹ کے حقیقی لیجنڈز میں سے ایک اور دنیائے کرکٹ کے عظیم کپتانوں میں سے ایک کپتان ایم ایس دھونی کو شاندار کیرئیر کی مبارکباد۔‘

شاہد آفریدی نے اپنے ٹوئٹ میں ایم ایس دھونی کے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

واضح رہے کہ دھونی نے گزشتہ ماہ انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہا تھا، دھونی نے کرکٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان سوشل میڈیا پر کیا تھا۔

سابق بھارتی کپتان نے 6 سال قبل ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

مہندر سنگھ دھونی نے اپنے کرکٹ کرئیر کے دوران 350 ون ڈے اور 98 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں بھارت کی نمائندگی کی۔