دیا مرزا نے منشیات استعمال کرنے کی تردید کر دی

September 23, 2020

بھارتی اداکارہ دیا مرزا نے سوشل میڈیا کا سہارا لیتے ہوئے خود پر منشایت استعمال سے متعلق لگنے والے الزامات کی تردید کردی ۔

آنجہانی بھارتی ہیرو سُشانت سنگھ کی خود کشی کے بعد سے بھارتی فلم انڈسٹری کا نقشہ ہی بدل کر رہ گیا ہے، بڑے بڑے ناموں پر مشتمل فلمیں نہ پسند کی جا رہی ہیں جبکہ بھارتی انڈسٹری کے 90 فیصد فنکاروں کے منشیات استعمال کرنے کے بھی الزامات سامنے آ رہے ہیں ۔

بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت کے منشیات سے متعلق لگائے گئے الزامات اور سُشانت سنگھ کی گرل فرینڈ ریا چکروتی کی جانب سے بھارتی تحقیقاتی اداروں کو منشیات سے متعلق دیئے گئے بیانات کے بعد سے بھارتی فلم انڈسٹری کے بڑے نام مشکل کا شکار ہیں، ہر آنے والے دن میں تحقیقات کے لیے متعد فنکاروں کو سمن جاری کیے جا رہے ہیں۔

ان ہی الزامات میں نیا نام بھارتی کی خوبصورت اداکارہ دیا مرزا کا سامنے آیا ہے جن پر منشیات کے استعمال کرنے کا الزام لگایا جا رہا ہے ۔

دیا مرزا نے اپنے اوپر لگنے والے الزامات پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے مائیکرو بلاگنگ وئیب سائٹ ٹوئٹر پر کچھ پیغامات شیئر کیے ہیں جن میں انہوں نے منشیات استعمال کرنے کی تر دید کی ہے۔

دیا مرزا کا اپنے ٹوئٹس میں کہنا ہے کہ ’وہ منشیات استعمال کرنے کی خبر کی سختی اور واضح طور پر تردید کرنا چاہتی ہیں، یہ ایک جھوٹی اور بے بنیاد خبر ہے۔‘

انہو ں نے مزید ٹوئٹ کرتے ہوئے بھارتی میڈیا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’اس طرح کی غیر قانونی رپورٹنگ کا براہ راست اُن کی ساخت پر اثر پڑتا ہے، ایسی رپورٹنگ سے اُن کے کیریئر کو نقصان پہنچ رہا ہے جو کہ انہوں نے برسوں محنت کر کے بنایا ہے۔‘

اُن کا ایک اور ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ ’انہوں نے زندگی میں کبھی کسی بھی قسم کا نشہ آور یا غیر قانونی مواد نہ ہی خریدا اور ہی کھایا ہے، وہ ہندوستان کے قانون کی پاسداری کرنے والی شہری ہونے کے ناطے اپنے اوپر لگنے والے سب ہی جھوٹے الزامات پر قانونی چارہ جوئی کرنا چاہتی ہیں۔‘

دیا مرزا نے اپنے ٹوئٹ میں مداحوں کی جانب سے ملنے والی سپورٹ کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔