منشیات کیس؛ بالی ووڈ کی صف اول اسٹارز کو طلب کرلیا گیا

September 23, 2020

آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت خودکشی سے متعلق منشیات کیس میں ڈرگز کے معاملے کی تحقیقات میں پوچھ کچھ کے لیے بالی ووڈ کی صف اول کی اسٹارز کو طلب کرلیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ میں ڈرگز مافیا سے متعلق تحقیقات میں گزشتہ روز طلب کی گئی دپیکا پڈوکون کے بعد اب مزید اسٹارز کو طلب کیا گیا ہے۔

طلب کی گئی ان اسٹارز میں حال ہی میں اس کیس سے متعلق میڈیا میں رہنے والی سارہ علی خان اور راکول پریت سنگھ کے ساتھ شردھا کپور بھی شامل ہیں۔

بھارت کے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے اداکارہ شردھا کپور کی منیجر کرشما اور ڈیزائنر سائمن کھمبٹا کو بھی طلب کیا ہے۔

راکول پریت سنگھ کو 24 ستمبر، دپیکا پڈوکون 25 ستمبر اور شردھا کپور کو 26 سمتبر کو طلب کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق این سی بی نے دپیکا کی کرشما کے ساتھ واٹس ایپ پر بات چیت کو چیک کیا تو اس میں دونوں کی ڈرگز سے متعلق گفتگو موجود تھی۔