آل پارٹیز کانفرنس ملک کو بحرانوں سے نکالے گی، پی پی رہنما

September 24, 2020

برمنگھم (نمائندہ جنگ) پاکستان پیپلز پارٹی کے زیراہتمام ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس نہ صرف ملک کو درپیش سیاسی بحرانوں سے نکالے گی بلکہ مستقبل کی سیاسی سمت کا تعین کرے گی۔ آل پارٹیز کانفرنس نے بلاول بھٹو کے سیاسی قد میں اضافہ کے ساتھ بینظیر بھٹو دور کے میثاق جمہوریت کی یادیں تازہ کردیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ کے صدر محسن باری نے پی پی مڈ لینڈ کے صدر چوہدری شاہ نواز کی صدارت میں منعقدہ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پی پی برمنگھم کے صدر قیوم راجہ، سینئر نائب صدر مرزا اختر محمود، جنرل سیکرٹری چوہدری ارشاد عزیز، نائب صدر راجہ خالد محمود، پی پی نارتھ کے صدر گلزار خان، ریکارڈ سیکرٹری نصراللہ مغل، جنرل سیکرٹری مڈ لینڈ شیخ اشفاق، پی پی کشمیر کے کوآرڈینیٹر عارف مغل، احسان قاضی، وقاص الحق گجر، چوہدری رضا گجر، وسیم یوسف، پی پی گریٹر لندن کے میاں سلیم، میاں شاہجہاں اور دیگر نے کیا۔ محسن باری کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ایک بار پھر ملک کی تمام حزب اختلاف کی سیاسی قیادت کو اکٹھا کرکے مضبوط وفاق کی بنیاد رکھی، پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ وفاق کے لیے کام کیا، نوجوان بلاول بھٹو کی قیادت میںAPCکی کامیابی اور ایجنڈے پر تمام قیادت کا متفق ہونا بڑی کامیابی ہے۔ چوہدری شاہ نواز نے کہا کہAPCکی کامیابی سے بینظیر بھٹو دور کے میثاق جمہوریت کی یادیں تازہ ہوگئیں، گلزار خان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت مکمل ناکام ہوچکی ہے۔ ملک میں مہنگائی کا سیلاب ہے۔ مرزا اختر محمود کا کہنا تھا کہ ملک سیاسی بحران میں مبتلا ہوچکا ہے۔ میاں سلیم نے کہا کہAPCکی کامیابی سے بلاول بھٹو کی قائدانہ صلاحیتیں نکھر کر سامنے آئی ہیں۔ قیوم راجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنے آپ کو تنہا محسوس کررہے ہیں۔ چوہدری ارشاد عزیر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی کشمیر پالیسی ہمیشہ سے واضح اور دوٹوک رہی ہے۔ خالد محمود نے کہا کہAPCمیں جو اتفاق و اتحاد سامنے آیا، اپوزیشن جماعتوں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ یہ اتحاد چلتے رہنا چاہیے۔ عارف مغل ایڈووکیٹ نے کہا کہ پی پی کی بنیاد مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی تھی۔ تقریب سے راجہ خالد محمود، شیخ اشفاق، رضا گجر، وسیم یوسف، وقاص الحق، میاں شاہجہاں سمیت دیگر نے خطاب کیا، آخر میں صاحبزادہ محمد رفیق چشتی نے مخدوم امین فہیم مرحوم کے فرزند سمیت پی پی کے دیگر شہدا کے لیے دعائے مغفرت کی۔