زیبرا کراسنگ پرسسر کو زخمی کرکے فرار ہونے والی خاتون کو 18 ماہ قید کی سزا

September 24, 2020

لندن(پی پی آئی) برطانیہ میں زیبرا کراسنگ پر شہری کو زخمی کرکے گاڑی سمیت فرار ہونے والی خاتون فاتحہ بیگم عابدین کو اٹھارہ ماہ کے لیے جیل بھیج دیا گیا۔ خاتون کی ٹکر سے زخمی ہونے والا شخص کوئی اور نہیں اس کا سسر تھا۔فاتحہ بیگم عابدین نامی خاتون نے فروری 2018 میں تیز گاڑی چلاتے ہوئے ایک شہری کو زخمی کر دیا تھا، بعد میں معلوم ہوا کہ خاتون کی گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہونے والا شخص اس کا اپنا سسر تھا۔خاتون دوران ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے میں مشغول تھی۔ ملزمہ نے جرم کو چھپانے کے لیے 32 مسیجز ڈیلیٹ کیے اور اپنی گاڑی کی ونڈ اسکرین تک تبدیل کردی۔29 سالہ فاتحہ عابدین نے تفتیش کے دوران بار ہا جھوٹ بول کر ایکسیڈنٹ سے لاتعلقی ظاہر کرنے کی کوشش کی، ملزمہ نے پہلے تو کہا کہ اسے معلوم ہی نہیں ہے کہ ایسا کوئی حادثہ ہوا بھی تھا تاہم بعد ازاں اس کا کہنا تھا کہ جب حادثہ ہوا اس وقت دمہ کے اٹیک کی وجہ سے وہ حواس کھو بیٹھی تھی، اسی لیے اسے اس متعلق کچھ بھی یاد نہیں ہے۔ پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے فاتحہ تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔