دنیا بھر سے ڈارک ویب کے 179 کارندے گرفتار

September 24, 2020

لندن(این این آئی) دنیا بھر میں ڈارک ویب سے منسلک ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کے دوران 179 کارندے گرفتار، 65 لاکھ ڈالر نقد، 500 کلوگرام منشیات اور 64 خطرناک ہتھیار برآمد ہوئے ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق یوروپول سائبر کرائم سینٹر اور برطانوی محکمہ انصاف کی یورپ میں ڈارک ویب کے کارندوں کے خلاف مشترکہ کارروائی امریکا اور برطانیہ سمیت دیگر 5 ممالک میں کی گئیں۔کارروائی کے دوران سب سے زیادہ یعنی 119 کارندے امریکا سے پکڑے گئے، جرمنی سے 42، پالینڈ میں 8، برطانیہ سے 4، 3 آسٹریا، کینیڈا سے 2 اور سویڈن سے ایک کارندے کو حراست میں لیا گیا۔زیر حراست کارندوں سے 65 لاکھ ڈالر کے مالیت کی ڈیجیٹل کرنسی برآمد ہوئی ہے جب کہ ملزمان کے قبضے سے 500 کلوگرام منشیات بھی تحویل میں لی گئی اور 64 خطرناک ہتھیار بھی برآمد ہوا ہے۔یہ گروہ یورپ اور امریکا میں غیرقانونی اشیا کی سپلائی بھی کیا کرتا تھا جن میں کوکین اور ہیروئن سمیت خطرناک کیمیکل بھی شامل ہیں۔ یوروپول نے دعویٰ کیا ہے اس کارروائی سے ڈارکی ویب کے سنہری دور کا خاتمہ ہوگیا۔