تعلیمی اداروں میں ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، وزیراعلیٰ

September 24, 2020

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ تعلیم کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمام تعلیمی اداروں میں معیاری آپریشنل طریقہ کار (ایس او پیز) پر عملدرآمد کو یقینی بنائے ۔ نجی یا سرکاری ادارے جو ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہیں ان کے خلاف ضروری کارروائی کرنی چاہیے۔یہ ہدایت انھوں نے بدھ کے روز صوبے میں کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی ۔ اجلاس میں صوبائی وزراء ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، سعید غنی، سید ناصر شاہ، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، چیف سکریٹری سید ممتاز شاہ، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، سیکرٹری تعلیم احمد بخش ناریجو، سیکرٹری صحت کاظم جتوئی، ڈاکٹر باری، ڈاکٹر فیصل، ڈبلیو ایچ او کی ڈاکٹر سارہ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا کہ جب 15ستمبر کو دوبارہ اسکولز کھولے گئے تو انہوں نے زیادہ تر اسکولوں کا دورہ کیا تو دیکھا کہ ان میں سے زیادہ تر (اسکولز) ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں کررہے تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں، سرکاری و نجی کو ضروری ہدایات جاری کریں۔