کوئی شہر بلدیاتی اختیارات کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا، حافظ نعیم

September 24, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ دنیا میں کوئی شہر اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتا جب تک اس کی بلدیہ کے پاس اختیارات نہ ہوں، کراچی میں قائم تمام سرکاری محکموں کو ایک سسٹم کے ماتحت کیا جائے، کراچی کی مردم شماری درست کرلی جائے تو صوبائی اسمبلی میں کراچی کی نشستیں 62ہوجائیں گی ، ایم کیو ایم نے پہلے مسلم لیگ (ن)کے ساتھ مل کر کوٹہ سسٹم میں 20سال کی توسیع کی اور اب پی ٹی آئی کے ساتھ مل کر کوٹہ سسٹم کو غیر معینہ مدت تک بڑھادیا ہے، امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق 27ستمبر کو شاہراہِ قائدین پر خصوصی خطاب کریں گے اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں جے آئی یوتھ کے تحت ”حقوق کراچی تحریک“اور 27ستمبر کو شاہراہ قائدین پر ”حقوق کراچی مارچ“ کے سلسلے میں با اختیار شہری حکومت ناگزیر کے عنوان سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سیمینار سے ڈاکٹر اسامہ رضی، پروفیسر رضاعلی خان، منیر اے ملک، مظفر اعجاز، ہاشم یوسف ابدالی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔حافظ نعیم نے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہاکہ جماعت اسلامی کراچی نے شہر کراچی کوتعمیر کیا ہے، کراچی کو ہمیشہ سے طالع آزما قوتوں نے ترقی سے روکے رکھاہے۔