مختلف علاقوں میں واٹر بورڈ کی نادہندگان کیخلاف کارروائی، کنکشن منقطع

September 24, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر کے مختلف علاقوں میں واٹربورڈ کی اپنے نادہندگان کے خلاف مہم بھرپور انداز میں جاری ہے،مہم میں واٹربورڈ کے ٹیکس اور انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ مشترکہ طور پر حصہ لے رہے ہیں، واٹربورڈ نے اپنے نادہندگان کے خلاف مہم کے دوسرے روز بھی شہر کے مختلف علاقوں میں قائم کثیرالمنزلہ عمارتوں، تجارتی، کاروباری، رہائشی بلڈنگز اورمکانات سمیت دیگر نادہندگان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پانی اور سیوریج کے کنکشن منقطع کردیئے ہیں، واٹربورڈ کے نادہندگان کے خلاف آپریشن کیلئے تشکیل کردہ خصوصی ٹیموں نے بدھ کے روز فیڈرل بی ایریا، گلشن اقبال، گلستان جوہر، سندھی مسلم سوسائٹی،ملیر،کورنگی، صدر، لائنز ایریا، گلبرگ، اسکیم 33، احسن آباد، پاکستان چوک، میٹھادر، لیاری، پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی، آئی آئی چندریگرروڈ، طارق روڈ، حیدری، لیاقت آباد، نارتھ ناظم آباد، منظور کالونی سمیت دیگر علاقوں میں نادہندگان کے پانی اور سیوریج کے کنکشن منقطع کردیئے گئے، واضح رہے کہ جان پلازہ بلاک کے نارتھ ناظم آبا، بینکرز لاجز بلاک کے، نگینہ اپارٹمنٹس بلاک جی نارتھ ناظم آبا، حیدری سینٹرنارتھ ناظم آباد، اپسرا اپارٹمنٹس لیاقت آباد الکرم اسکوائر لیاقت آبا، گلزار سینٹر ناظم آبادالحمد میڈیکل سینٹر بلاک 13گلبرگ،علی دولت اپارٹمنٹس، نارتھ ناظم آباد،،اسلامیہ ٹرسٹ بلاک 13گلبرگ سمیت شہر کی مختلف عمارتوں، کاروباری، تجارتی و رہائشی عمارتوں ودیگر پر واٹربورڈ کے بھاری واجبات ہیں، واٹربورڈ نے ایسے صارفین جو کسی وجہ سے اب تک واٹربورڈ کے بل اور واجبا ت ادا نہیں کرسکے ہیں ان کو علاقائی ریٹیل ڈویژن سمیت صدر دفتر عقب سوک سینٹر اور کارساز پرواقع واٹربورڈ کے کنزیومر سینٹر میں بلوں کی اقساط اور ڈپلیکیٹ بلوں کی سہولت بھی دی گئی ہے۔