سونو نگم کا پسندیدہ گلوکار کون؟

September 24, 2020

بھارتی گلوکار سونو نگم پاکستانی لیجنڈ سجاد علی کے مداح ہوگئے، انہوں نے سوشل میڈیا پر سجاد علی سے ملاقات کی تصاویر اور یادگار لمحات شیئر کردیے اور ساتھ ہی ان کو اپنا پسندیدہ گلوکار بھی قرار دے دیا۔

سونو نگم نے لکھا کہ گزشتہ برس مارچ میں ان کی سجاد علی سے اتفاقیہ ملاقات ہوئی، انہوں نے کہا کہ سجاد علی سے ملاقات میری زندگی کا ایک حسین تجربہ تھا، سجاد علی کے ساتھ گزارا گیا ڈیڑھ گھنٹہ ناقابلِ فراموش ہے۔


سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر سونو نگم نے سجاد علی کو ٹیگ کرتے ہوئے اس یادگار ملاقات کی تصاویر شیئر کیں اور لکھا کہ ’یہ تصویر 19 مارچ کی ہے جب عادل فاروق ہمیں عاطف علی کے اسٹوڈیو کا جائزہ لینے اور پہلا لائیو ڈیجیٹل کنسرٹ دیکھنے کے لیے لے کر کئے تھے جو بالآخر ہم نے 22 مارچ کو کیا۔‘

انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’اس موقع پر اتفاق سے ہر دلعزیز موسیقار اور میرے ذاتی پسندیدہ گلوکار سجاد علی بھائی بھی وہاں اپنے بیٹے کے ساتھ موجود تھے اور یہ ان کا پیار تھا کہ انہوں نے میرے آنے تک انتظار کیا تاکہ ہم زندگی میں پہلی بار مل سکیں اور پھر ہم نے ڈیڑھ گھنٹہ بات چیت کی۔

سونو نگم نے لکھا کہ ’سجاد علی کا پنجابی گانا ’کٹنا نئی‘ ہماری فیملی کا سب سے پسندیدہ گانا ہے اس گانے کو میری باصلاحیت بہن تیشا نگم نے بھی اپنے انداز میں گایا۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’گانا اپنے انداز میں گانےسے قبل میں نے احتراماً اجازت طلب کرنے کیلئے سجاد بھائی کو فون کیا۔‘

سونو نگم نے لکھا کہ ’سجاد علی نے ہمیں ناصرف اس کی اجازت دی بلکہ اس کا کوئی معاوضہ بھی نہیں لیا! اسے حقیقی احسان کہتے ہیں۔‘

گزشتہ دنوں سونو نگم پاکستان کی نوعمر گلوکارہ ہادیہ ہاشمی کی دلسوز آواز سُن کر آبدیدہ ہوگئے تھے، گلوکارہ ہادیہ کی آواز میں کلام ’بول ہو‘ کو شیئر کرتے ہوئے تعریف کی تھی۔