ڈمپل کپاڈیہ عابدہ پروین کے کلام کی دیوانی ہوگئیں

September 24, 2020

ماضی کی نامور بھارتی اداکارہ ڈمپل کپاڈیا نے عابدہ پروین کی آواز میں گایا کلام ’یہ سب تمہارا کرم ہے آقا‘ کو بہترین کلام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس جملے میں اُن کی کُل زندگی کو سمایا جاسکتا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے ہالی ووڈ فلم ٹینٹ میں کام اور تجربے کے حوالے سے بات چیت کی۔

انہوں نے کہا کہ اس فلم میں اداکاری کے جوہر دکھانے سے اُن کے بہت سے خوابوں کو تعبیر ملی، میں خود کو ایک سنڈریلا محسوس کررہی ہوں اور اپنے جذبات کو الفاظ میں بیان کرنے سے قاصر ہوں۔

انہوں نے بتایا کہ ’فلم ٹینٹ کے لیے انہیں آڈیشن دینے کے لیے ایک کال موصول ہوئی، جس کے بعد انہوں نے آڈیشن دیا اور آخر کار منتخب ہوگئیں۔‘

خیال رہے کہ گزشتہ برس ہالی ووڈ کے کامیاب ہدایت کار کرسٹوفر نولن نے اپنی نئی تھرلر فلم ’ٹینٹ‘ بنانے کا اعلان کیا تھا اور اس میں کوئی اور نہیں بلکہ بالی ووڈ اداکارہ ڈمپل کپاڈیا کو ایک اہم کردار کے لیے کاسٹ کیا تھا۔

اس فلم کی کاسٹ میں جون ڈیوڈ واشنگٹن، روبرٹ پیٹنسن، مشیل کین جیسے اداکار موجود ہیں۔

اپنے حالیہ انٹرویو میں ڈمپل کپاڈیہ نے عالمی شہرت یافتہ پاکستانی صوفی گلوکارہ عابدہ پروین کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں عابدہ پروین کی آواز میں گایا گیا کلام ’یہ سب تمہارا کرم ہے آقا‘ بہت پسند ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب بھی وہ یہ کلام سنتی ہیں تو ان پر وجد طاری ہوجاتا ہے۔