ریا نے کسی اداکار کا نام نہیں لیا، وکیل ریا چکرورتی

September 24, 2020

منشیات کیس میں گرفتار بھارتی اداکارہ ریا چکرورتی کے وکیل نے دعویٰ کیا ہے کہ ریا نے نارکوٹس کنٹرول بیورو کو اپنے بیان میں کسی بالی وڈ اداکار یا اداکار کا نام نہیں لیا۔

بھارتی تحقیقاتی ادارے سی بی آئی کی جانب سے بھارتی فلم انڈسٹری کی متعدد اداکاراؤں کو منشیات استعمال کیس میں طلبی کے بعد ریا چکروتی کے وکیل کا رد عمل سامنے آیا ہے۔

بھارتی فلاپ فلموں کی ہیروئن اور آنجہانی بھارتی ہیرو سشانت سنگھ کی گرل فرینڈ ریا چکروتی کے وکیل نے بھارتی نجی چینل پر انٹرویو کے دوران اپنے بیان میں کہا کہ منشیات استعمال کیس میں بھارتی صف اول کی اداکاراؤں کو بھی تحقیقات کے لیے بلائے جانے سے ریا چکروتی کا کوئی تعلق نہیں ہے، ریا چکر وتی نے دپیکا، سارہ اور شردھا سے متعلق سی بی آئی کو کوئی بیان نہیں دیا ہے۔

بھارتی ویب سائٹ ’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق سشانت سنگھ قتل کیس میں گرفتار ریا چکروتی کے وکیل ستیش منیشِندے نے اپنے ایک انٹرویو کے دوران اس بات کی تردید کی ہے کہ دپیکا، شردھا اور سارہ کو ریا کے بیان کے بعد شامل تفتیش کیا گیا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریا چکروتی نے اپنے بیان میں صرف سشانت سنگھ سے متعلق بات کی ہے اور بتایا ہے کہ جب وہ دونوں ساتھ رہتے تھے تو سشانت سنگھ نشے کے کتنے عادی تھے۔

ریا کے وکیل کا مزید کہنا تھا کہ ریا چکروتی کے اوپر ڈرگ سپلائی کرنے کا کوئی الزام نہیں ہے اور نہ کبھی ریا کا نشہ آور مواد بیچنے والوں کے ساتھ کبھی کوئی رابطہ ہوا ہے، ریا کے سشانت کے ساتھ ایک گھر میں رہنے کا مطلب یہ ہر گز نہیں ہے کہ ریا چکروتی ڈرگ سپلائی کرتی تھیں۔

واضح رہے کہ بھارتی شوبز انڈسٹری سے وابستہ صف اول کی اداکاراؤں کو منشیات استعمال کرنے کے الزام میں بھارتی تحقیقاتی ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب سے سمن جاری کرتے ہوئے تفتیش کے لیے طلب کر لیا گیا ہے۔

اس سے قبل نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی حراست میں موجود اداکارہ ریا چکرورتی نے حکام کے روبرو اعتراف کیا کہ تھا وہ سشانت سنگھ راجپوت کے ساتھ منشیات استعمال کرتی تھیں۔

ریا چکرورتی نے بتایا کہ ناصرف وہ بلکہ اداکارہ سارہ علی خان، راکول پریت سنگھ اور سمن کھمباٹا بھی سشانت کے ساتھ مل کر منشیات استعمال کرتے رہے ہیں۔