سشانت کی بہنوں کی نظر اس کے پیسوں پر تھی، ریا چکرورتی

September 24, 2020

سشانت سنگھ راجپوت کیس میں منشیات کے استعمال کے الزام میں گرفتار اداکارہ ریا چکرورتی کا کہنا ہے کہ سشانت کی بہنوں کو اُس کی ذہنی صحت سے کوئی غرض نہیں تھی اُنہیں صرف سشانت کے پیسوں سے مطلب تھا۔

بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق ریا چکرورتی نے اپنے ایک بیان میں سشانت سنگھ کی بہنوں سے متعلق کہا کہ سشانت نے اپنی ذہنی صحت کے بارے میں اپنے اہلخانہ کو آگاہ کرنے کے لیے اُن سے رابطہ کیا تھا لیکن اداکار کے اہلخانہ نے اس مسئلے کو سنجیدہ نہیں لیا تھا اور نہ ہی وہ لوگ سشانت کی ذہنی صحت کے بارے میں فکرمند تھے۔

ریا چکرورتی نے بتایا کہ گزشتہ سال 2019 نومبر کے آخری دِنوں میں سشانت کی بہنیں ممبئی آئی تھیں اور اُنہوں نے سشانت سے کہا تھا کہ وہ اداکار کو علاج کے لیے اُنہیں چندی گڑھ لیکر جارہی ہیں۔

بھارتی اداکارہ نے بتایا کہ جب سشانت نے اُنہیں اس بارے میں بتایا تو اُنہوں نے بھائی بہنوں کے درمیان کوئی مداخلت نہیں کی کیونکہ اُنہیں یہ دیکھ کر خوشی ہوئی تھی کہ سشانت کی بہنیں اُس کی صحت کے لیے فکر مند ہیں لیکن 26 نومبر کو سشانت نے اداکارہ کو فون کیا اور اُن سے کہا کہ وہ چندی گڑھ نہیں جارہے کیونکہ اُنہیں اپنی بہنوں کی نیت پر شک ہے وہ صرف پیسوں کی خاطر اُن سے ملنا چاہتی ہیں۔

دوسری جانب سشانت سنگھ راجپوت کی بہن شویتا کیرتی نے اپنی ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا تھا کہ جیسا کہ ریا نے اپنے انٹرویو میں ذکر کیا تھا، ہم اپنے بھائی سے پیار نہیں کرتے تھے !! ہاں ٹھیک ہے، یہی وجہ ہے کہ میں نے جنوری میں امریکا سے ہندوستان جانے کے لیے پوری طرح سے اڑان بھری تھی۔‘


شویتا کیرتی نے لکھا تھا کہ ’مجھے اپنا کاروبار روکنا پڑا اور اپنے بچوں کو پیچھے چھوڑنا پڑا، سب سے بُری بات یہ تھی کہ میں بھارت پہنچنے کے بعد بھی اپنے بھائی سے نہ مل سکی کیونکہ میرا بھائی ریا کی وجہ سے چندی گڑھ چھوڑ چکا تھا۔‘

اُنہوں نے مزید لکھا تھا کہ’سشانت کی فیملی ہمیشہ اس کے ساتھ کھڑی تھی۔‘

خیال رہے کہ سشانت سنگھ راجپوت کیس سے جڑے منشیات کے معاملے میں گرفتار کی گئی اداکارہ ریا چکرورتی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 6 اکتوبر تک توسیع کی گئی ہے، اب 6 اکتوبر تک انہیں جیل میں ہی رہنا ہوگا۔

سشانت سنگھ راجپوت سے منسلک منشیات معاملے کی تفتیش این سی بی کر رہی ہے۔ این سی بی نے اب تک اس معاملے میں ایک درجن سے زائد لوگوں کو گرفتار کیا ہے، جن میں اداکارہ ریا چکرورتی اور ان کے بھائی شویک چکرورتی بھی شامل ہیں۔