اداکار نعمان حبیب کے ہاں دوسری بیٹی کی پیدائش

September 24, 2020

پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار و ماڈل نعمان حبیب کے ہاں دوسری بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔

حیرت انگیز اداکاری کی وجہ سے شوبز انڈسٹری میں شہرت پانے والے اداکار نعمان حبیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنے چاہنے والوں کو اہم خبر کی اطلاع دیتے ہوئے کچھ تصاویر پوسٹ کیں۔


نعمان حبیب کی جانب سے پوسٹ کی جانے والی پہلی تصویر میں وہ اپنی ننھی پری کو گود میں اُٹھائے اُسے پیشانی پر بوسہ دے رہے ہیں جبکہ اگلی تصویر میں اُن کے ہمراہ اُن کی بڑی بیٹی عائشہ نعمان بھی موجود ہے۔

انسٹاگرام پر تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے نعمان حبیب نے مداحوں کو اپنی ننھی پری کا نام بتاتے ہوئے لکھا کہ ’زارا نعمان، عائشہ نعمان اور میں۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’ہماری فیملی کی نئی اور خوبصورت فرد۔‘

اِس سے قبل نعمان حبیب نے اپنی بیٹی کے ہاتھ کی تصویر شیئر کی تھی جس میں اُن کی ننھی پری نے اپنے والد کے ہاتھ پر ہاتھ رکھا ہوا تھا۔


تصویر کے کیپشن میں نعمان حبیب نے اپنی بیٹی کا نام ’زارا نعمان ‘ لکھا تھا۔

واضح رہے کہ نعمان حبیب سال 2016 میں اسماء نامی خاتون کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے جبکہ اِس جوڑی کی دو بیٹیاں ہیں جن کا نام عائشہ نعمان اور زارا نعمان ہے۔