استاد محمد شفیع وارثی کی گائیکی کے 40 برس مکمل

September 24, 2020

وادی مہران کے خوب صورت شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے نامور غزل گائیک استاد شفیع وارثی نے موسیقی کے میدان میں فنی خدمات کے 40 برس مکمل کرلیے۔

استاد محمد شفیع وارثی کے شاگردوں نے ملک کا نام روشن کیا، جن میں گلوکار سلیم جاوید اور عارف انصاری نے ملک گیر شہرت حاصل کی۔

استاد شفیع وارثی نے بتایا کہ موسیقی میں سنجیدہ گائیکی سے وابستہ فنکاروں کو سرکاری سطح پر پذیرائی نہیں ملتی۔ اس کے باوجود ہم نے چار دہائیوں سے وادی مہران میں موسیقی کے چراغ روشن کیے ہوئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ماضی میں سابق آرمی چیف جنرل مرزا اسلم بیگ نے اسلام آباد میں کئی مرتبہ پرفارمنس اور آواز کا جادو جگانے کا موقع فراہم کیا، میں نے اپنی آواز اور قومی نغموں کے ذریعے پاکستان کا نام روشن کیا۔

استاد شفیع وارثی نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ہم نے شہرت اور صلے کی پروا کیے بغیر فن موسیقی کی 40 برس خدمت کی۔