پاکستان عالمی سطح پر کشمیریوں کا ترجمان ہے،حافظ ادریس

September 25, 2020

برمنگھم(پ ر) پاکستان رابطہ کونسل کے جنرل سیکرٹری حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ گذشتہ سال مودی نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کیلئے بھارتی آئین میں تبدیلی کی،اب پاکستان کی حکومت بھی بھارت کی طرح گلگت بلتستان کو پاکستان کا صوبہ بنانے کیلئے قانون میں ترمیم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیس لاکھ کی یہ آبادی رائے شماری میں سوفیصد ووٹ پاکستان کے حق میں دے گی، صوبہ بنانے سے پاکستان اور مسئلہ کشمیر کو شدید نقصان ہوگا۔ حافظ ادریس نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر کشمیریوں کی نمائندگی اور ترجمانی کرتاہے، پاکستان کے ان اقدامات سے پاکستانی اور کشمیری تنظیمیں جوسفارتی محاذ پر مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جدوجہد، بھارتی مظالم اور حق خودارادیت کو پیش کر رہے ہیں ان کے لیے مشکلات اور دشواریاں پیش آئیں گی ،پاکستان کا موقف کمزور ہو جائے گا، بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کیلئے مسلمانوں کی اکثریت کو ختم اور غیر کشمیری انتہا پسند ہندوئوں کو آباد کر رہا ہے،جس پر حکومت پاکستان مکمل خاموش اور کوئی توجہ نہیں ہے، گلگت بلتستان کے ایشو کو چھیڑ کر مسئلہ کشمیر کی متنازع حثیت کو ختم کیا جارہا ہے، یہ کشمیریوں کی قربانیوں اور تکمیل پاکستان کی تحریک کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔